بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے طور پر وبھوبکھرو کی تقرری عمل میں آئی۔ جسٹس وِبھُو بکھرو نے ریاست کے اعلیٰ ترین عدالتی عہدے کا حلف اٹھایا۔ بنگلور کے تاریخی راج بھون میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں ریاست کے گورنر تھاور چند گہلوٹ نے جسٹس بکھرو سے حلف لیا۔
تقریبِ حلف برداری راج بھون کے گلاس ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں ریاستی حکومت کی اعلیٰ قیادت سمیت عدلیہ، انتظامیہ اور سیاسی حلقوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، قانون و پارلیمانی امور کے وزیر ایچ کے پاٹل، اربن ڈیولپمنٹ کے وزیر بی ایس سریش (بایرتی)، وزیر اعلیٰ کے سیاسی مشیر نصیر احمد، قانونی مشیر اے ایس پوننّا، اور دیگر کئی اہم شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ ہائی کورٹ کے ججز، سینئر وکلاء، افسران اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
جسٹس وِبھُو بکھرو اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ میں اپنی قانونی خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب انہیں کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی تقرری سے عدلیہ میں تجربہ اور وقار کا نیا باب جڑنے کی امید کی جا رہی ہے۔




