غزہ:(فکروخبر/ذرائع) اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر جاری بمباری کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 93 فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں 30 افراد وہ تھے جو خوراک کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔
الجزیرہ اور مقامی طبی ذرائع کے مطابق، علاقے میں ہلاکتوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا اور ہر گزرتی گھڑی کے ساتھ انسانی جانوں کا ضیاع بڑھتا جا رہا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، صرف آج صبح سے اب تک 18 فلسطینی بمباری کی زد میں آ کر جاں بحق ہو چکے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حملوں کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
ادھر فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسیف (UNICEF) کے تعاون سے ایک قافلہ بچوں کی ویکسین اور ہنگامی طبی سازوسامان لے کر غزہ کے اسپتالوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس قافلے میں خوراک شامل نہیں، بلکہ صرف وہ طبی امداد موجود ہے جو زخمیوں کے علاج اور جان بچانے کے لیے فوری طور پر ضروری ہے۔
وزارت صحت نے تمام فریقین اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس قافلے کی سلامتی اور بروقت رسائی کو یقینی بنائیں تاکہ یہ امداد متاثرین تک محفوظ انداز میں پہنچ سکے۔




