بنگلورو(فکروخبرنیوز) ریاست کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کی وجہ سے شہری علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔ بھٹکل سمیت ہبلی اور چترادرگا سے بھی کتوں کے حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
بدھ کے روز کرناٹک کے ہبلی شہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جب دو آوارہ کتوں نے ایک بچی پر حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ قریبی سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا جس میں لڑکی کو ایک سنسان سڑک پر چلتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ دو کتے ایک کار کے پیچھے چھپے اس کا انتظار کر رہے تھے۔ جیسے ہی وہ قریب پہنچی، ایک کالا کتا اس پر جھپٹ پڑا اور اس کے فوراً بعد دوسرا کتا بھی حملے میں شامل ہو گیا۔ ویڈیو میں بچی کو خود کو بچانے کی کوشش کرتے اور چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ دونوں کتے اسے کاٹتے اور گھسیٹتے ہیں۔
اسی طرح کا ایک واقعہ کرناٹک کے چتردرگا علاقے میں بھی رپورٹ ہوا، جہاں 6 سے 9 سال کی عمر کی ایک بچی کو آوارہ کتوں نے گھیر لیا۔ لیکن مقامی باشندوں کی بروقت مداخلت سے بچی کو بچا لیا گیا اور اسے مزید چوٹ سے محفوظ رکھا گیا۔ بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بھٹکل میں گزشتہ ہفتے 70 گھنٹوں کے دوران آوارہ کتوں کے حملوں میں 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں بچے اور بزرگ افراد کی تعداد زیادہ ہے، جنہیں رہائشی علاقوں اور بازاروں میں نشانہ بنایا گیا۔ محکمۂ صحت کے مطابق تمام متاثرین کو مقامی ہسپتالوں میں داخل کر کے اینٹی ریبیز ویکسین دی گئی ہے۔ ان پے در پے واقعات نے مقامی آبادی میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔




