کاروار: حکومت نے اترا کنڑ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) نارائنا کا تبادلہ کر دیا ہے۔ انہیں اب الیکٹرانک سٹی کے ڈی ایس پی کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ نارائنا نے گزشتہ ایک سال کے دوران ضلع میں خدمات انجام دیں اور ان کی سخت گیر حکمت عملی مجرموں کے لیے ایک خوف کی علامت بنی رہی۔
ایس پی نارائنا نے قانون نافذ کرنے کے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کیا۔ وہ عوامی تقریبات یا میڈیا سے کم ہی نظر آتے تھے لیکن فیس بک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پولیس کی سرگرمیوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کی تشہیر کرتے رہے۔
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں وہ خاصے سرگرم رہے۔ بعض مواقع پر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ملزمان کی ٹانگ پر گولی مار کر انہیں گرفتار کرنا ان کا نمایاں طریقہ رہا، جس سے مجرموں میں ایک خاص خوف پیدا ہوا۔
دیپن نئے ایس پی مقرر
حکومت نے دیپن ایم این کو اترا کنڑ ضلع کا نیا ایس پی مقرر کیا ہے۔ دیپن 2019 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں، جو اس سے قبل KSRP بٹالین میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ اب وہ نارائنا کی جگہ لے کر ضلع میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
عوام کو دیپن سے بھی اُسی مضبوط اور موثر قیادت کی امید ہے جو ایس پی نارائنا نے اپنے دور میں فراہم کی۔




