گوکرنا میں روسی خاتون اور دو کمسن بیٹیوں کا جنگل سے ریسکیو، ویزا کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی شروع

گوکرنا : اترا کنڑ ضلع میں گوکرنا کے قریب ایک دور دراز اور لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقے میں ایک ڈرامائی ریسکیو آپریشن کے دوران پولیس نے ایک روسی خاتون اور اس کی دو نابالغ بیٹیوں کو ریسکیو کیا گیا۔ خاتون نینا کٹینا (عمر 40 سال) اپنی دو بیٹیوں پریما (6 سال 7 ماہ) اور اما (4 سال) کے ساتھ رامتیرتھا پہاڑی کے اوپر ایک جنگل کے غار میں مقیم تھی۔

پولیس کو یہ فیملی 9 جولائی کو اس وقت ملی جب انسپکٹر سریدھر ایس آر کی سربراہی میں پولیس ٹیم معمول کی گشت پر تھی۔ افسران نے غار کے قریب انسانی نقل و حرکت دیکھ کر علاقے کی تلاشی لی، جہاں نینا اور اس کی بیٹیاں ایک عارضی رہائش میں مقیم پائی گئیں۔

مبینہ طور پر گوا سے گوکرنا پہنچی نینا نے پولیس کو بتایا کہ وہ روحانی سکون کی تلاش میں تھی اور شہری زندگی سے الگ تھلک ہوکر زندگی بسر کرنا چاہتی تھی لیکن علاقے میں جنگلی جانوروں، زہریلے سانپوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرے کے پیش نظر، پولیس نے بچوں کی سلامتی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ متعدد مشوروں اور قائل کرنے کے بعد نینا غار چھوڑنے پر راضی ہو گئی، اور اس کی مرضی سے اسے کمٹہ تعلقہ کے بنکیوڈلا گاؤں کے ایک آشرم میں منتقل کیا گیا، جہاں وہ سوامی یوگرتنا سرسوتی کی نگرانی میں رہائش پذیر ہوئی۔

پولیس کو شک اس وقت ہوا جب نینا نے بارہا کہنے کے باوجود اپنا پاسپورٹ یا ویزا دکھانے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں اس نے بتایا کہ ممکنہ طور پر اس کے دستاویزات غار میں گم ہو گئے تھے۔ بعد میں گوکرنا پولیس اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کوششوں سے اس کا پاسپورٹ اور ویزا برآمد کر لیا گیا۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ نینا 2017 میں کاروباری ویزا پر ہندوستان آئی تھی، جو 17 اپریل 2017 کو ختم ہو چکا تھا۔ اگرچہ اپریل 2018 میں اسے پنجی، گوا سے ایک ایگزٹ پرمٹ جاری کیا گیا تھا، لیکن وہ ستمبر 2018 میں دوبارہ نیپال کے راستے ہندوستان میں داخل ہو گئی اور تب سے غیر قانونی طور پر قیام پذیر تھی۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اترا کنڑ نے بنگلورو میں ایف آر آر او (FRRO) کے ساتھ رابطہ قائم کر کے ملک بدری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ خاندان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آر آر او کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اگلے ہفتے 6 دن بند رہیں گے بینک، الگ الگ ریاستوں میں مقامی تہوار پر چھٹیاں

منگلورو: ایماندار آٹو ڈرائیور نے سونے کا کنگن واپس کیا