شیواموگا: یہاں کے سنٹرل جیل میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک قیدی نے موبائل فون نگل لیا۔ آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے اس کے پیٹ سے تقریباً 3 انچ لمبا اور 1 انچ چوڑا موبائل فون برآمد کیا۔
ڈائجی ورلڈ میں شائع خبر کے مطابق30 سالہ قیدی دولت عرف گنڈا کو حال ہی میں شیواموگا ضلع کی سیشن عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنائی ہے، جیل میں سزا کاٹنے کے دوران اس نے 24 جون کو جیل کے طبی عملے سے شکایت کی کہ اس نے ایک "پتھر” نگل لیا ہے، جو اس کے پیٹ میں پھنس گیا ہے۔ ابتدائی ایکسرے میں کچھ ظاہر نہیں ہوا، لیکن تفصیلی امیجنگ میں اس کے پیٹ میں شے کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اسے میک گن اسپتال منتقل کیا گیا۔
آپریشن کے دوران جب ڈاکٹروں نے اس کے پیٹ سے موبائل فون برآمد کیا تو وہ حیران رہ گیے۔ جیل حکام کو یہ موبائل فون 8 جولائی کو باقاعدہ طور پر حوالے کر دیا گیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ دولت اس دوران معمول کے مطابق کھاتا پیتا رہا اور کسی قسم کی تکلیف کے آثار ظاہر نہیں کیے۔
چیف سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پی رنگناتھ نے اس واقعے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے ٹنگا نگر پولیس اسٹیشن میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ ان کے مطابق یہ جاننا بے حد ضروری ہے کہ ہائی سیکیورٹی جیل میں ایسا ممنوعہ آلہ کیسے داخل ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قیدی نے اب تک اس واقعے کے پیچھے اپنی نیت یا محرکات کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا ہے۔
اب تحقیقات کے بعد ہی اس کے پیچھے کی وجوہات کا پتہ چلے گا۔




