کرناٹک حکومت نے غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن کے خلاف کارروائی میں تیزی لاتے ہوئے پچھلے چند مہینوں میں 200 سے زائد افراد کو ملک بدر کر دیا ہے۔ وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشورا نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی تارکین خاص طور پر تعمیراتی شعبے میں مزدور کے طور پر کام کر رہے تھے، جن کے خلاف شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ ڈاکٹر پرمیشورا نے کہا کہ ہم نے غیر قانونی طور پر ریاست میں مقیم افراد کے خلاف فوری کارروائی کی ہے، اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ غیر ملکی شہریوں کی نگرانی اور شناخت کا کام علاقائی رجسٹریشن آفس (RRO) کی مدد سے کیا جا رہا ہے، جو غیر قانونی باشندوں کی اطلاع پولیس کو دیتا ہے۔ ریاستی پولیس اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو ملک بدر کر رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا کہ کانگریس پارٹی غیر قانونی مہاجرین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کہ ہم غیر قانونی تارکین وطن کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، سراسر بے بنیاد ہے۔ کانگریس نے کبھی ایسا کیا ہے اور نہ آئندہ کرے گی۔




