بجلی کٹوتی کے مسئلہ کے حل کے لیے 5000 کے وی کا نیا ٹرانسفرمر نصب ، تنظیم وفد کا سب اسٹیشن کا دورہ ، کیا اس کے بعد بجلی کے مسائل ہوں گے حل ؟؟
بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں رمضان کی آمد شروع ہوتے ہی بجلی کٹوتی کے مسئلہ نے عوام کو پھرایک بار سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔ گذشتہ رات کے ای بی دفتر کے باہر قریب دس بجے کئی افراد جمع ہوکر بار بار بجلی کٹوتی پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
آج مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے ایک وفد نے نیلّے سر روڈ پر واقع سب اسٹیشن پہنچ کر اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ سے ملاقات کی اور بجلی کٹوتی کے مسئلہ پر معلومات حاصل کی جس پر انہوں نے بتایا کہ رمضان شروع ہوتے ہی بجلی کی کھپت زیادہ ہورہی ہے۔ ایک مہینے میں صرف بھٹکل کا دس کروڑ روپیے بل ادائیگی کے طور پر جمع ہوتے ہیں ، اس صورت میں اگر ایک گھنٹہ بھی بجلی کاٹی جاتی ہے تو ہمیں لاکھوں کا نقصان ہوگا اورظاہر سی بات ہے کہ ہمارا نقصان کرنا نہیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سب اسٹیشن میں صرف دو ٹرانسفرمر لگائے جاسکتے ہیں اور ہم نے یہاں چار نصب کیے گیے اور یہ آخری حد ہے اس کے بعد بھی اگر لوڈ شینڈنگ ہوتی ہے کہ یہ ہمارے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ فی الحال 5000 کے وی کا ایک ٹرانسفرمر نصب کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھٹکل میں 110 کے وی کی لائن شروع کرنے اور بیندور سے آنے والی لائن کو جوڑنے کے بعد شہر کے بجلی سے جڑے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل میں بجلی کا تعلق کمٹہ مین سپلائی سے ہے اور مین سپلائی میں کسی بھی طرح کی خرابی پیدا ہوجاتی ہے کہ بھٹکل میں بجلی نہیں رہتی ہے، جب تک مین سپلائی نہیں ہوگی یہاں بجلی نہیں آسکتی ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے تنظیم سے درخواست ہے کہ 110 کے وی کا مسئلہ جلد حل کرنے کے لیے کوششیں کریں۔
تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے رمضان کے صبر کا مہینہ ہے۔ لہذا بجلی کٹوتی کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کی پریشانی ہوتو صبر سے کام لیں ، تنظیم بھی اس سلسلہ میں ہمارے ضلع کے وزیر انچارج سے رابطہ میں ہے اور ہیسکام کے چیرمین سے بھی رابطہ کرکے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی نے فی الحال بھٹکل میں بجلی کٹوتی کا مسئلہ حل ہونے پر اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دوبارہ اس طرح کا مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔
اب دیکھنا ہے کہ بھٹکل میں بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے 110 کے وی کی لائن کب شروع ہوتی ہے اور عوام کو ان مسائل سے کب چھٹکارا حاصل ہوتا ہے؟