بنگلور کے اہم مسائل پر بی جے پی لیڈران وزیر اعلیٰ سدارامیا سے کریں گے ملاقات

کرناٹک بی جے پی کے صدراور ایم ایل اے، بی وائی وجئیندر نے منگل اعلان کیا کہ 28 فروری کو پارٹی کے تمام ممبران پارلیمنٹ، ایم ایل اے اور ایم ایل سی چیف منسٹر سدارامیا سے ملاقات کریں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وجیندرا نے کہا کہ وہ بنگلورو کی ترقی کے لیے زیادہ بجٹ مختص کرنے پر زور دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بی جے پی شہر کے اہم مسائل پر ہر اسمبلی حلقہ میں احتجاج شروع کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بروہت بنگلورو مہانگرا پالیکے (بی بی ایم پی) کے انتخابات بلاتاخیر کرائے جائیں، اور حکومت کو گریٹر بنگلورو تجویز کو ترک کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل روڈ پراجیکٹ پر توجہ دینے کے بجائے ریاستی حکومت کو شہر کے ٹریفک مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنا چاہیے۔

وجئیندر نے ٹنل روڈ پروجیکٹ پر بات کرتے ہوئے گڈھے بھرنے میں بھی ناکام رہنے پر ریاستی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کانگریس زیرقیادت ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ غیر سائنسی ٹنل روڈ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے بجائے میٹرو کوچز میں اضافہ کرے اور ٹریفک کے متبادل حل تلاش کرے۔

بنگلورو کے تمام بی جے پی ایم ایل ایز، ایم پی اور ایم ایل سی کی ایک میٹنگ 25 فروری کو بنگلورو میں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ہوئی، جس کے دوران لیڈروں نے میٹرو کے کرایہ میں حالیہ اضافے کی مخالفت کرنے اور کرایہ میں کمی کا مطالبہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت گریٹر بنگلورو تجویز کے بہانے جان بوجھ کر بی بی ایم پی انتخابات میں تاخیر کر رہی ہے، جسے انہوں نے ایک سازش قرار دیا۔ انہوں نے اصرار کیا کہ انتخابات فوری کرائے جائیں۔

وجئیندر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت نے میٹرو کرایوں میں اضافہ نہیں کیا اور ریاستی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ غلط طریقے سے اضافہ کے لیے مرکز کو ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف آر اشوکا نے بجٹ سے پہلے کی میٹنگ طے کی ہے جس میں وہ بھی شرکت کریں گے۔

میٹنگ میں بی جے پی ایم پی پی سی موہن، تیجسوی سوریا، راجیہ سبھا ایم پی لہر سنگھ سیرویا، ایم ایل اے گوپالیا، ایس آر وشواناتھ، سی کے راما مورتی، ایم کرشنپا، روی سبرامنیا، بیراتھی بسواراج، ادے گروداچر، بنگلورو کے بی جے پی کے تین ضلع صدر، اور ریاستی چیف ترجمان سی این اشوا نے شرکت کی۔

«
»

بھٹکل سمیت ملک بھر میں آج پہلا روزہ

وزیر اعلیٰ سدارامیا کی حمایت میں بی زیڈ ضمیر احمد کا بیان کیوں اہمیت کا حامل؟؟