بلاری: وزیر اعلیٰ سدارامیا کے قریبی کہے جانے والے بی زیڈ ضمیر احمد خان نے وزیر اعلیٰ کی حمایت میں ایک بیان دے کر نئے تنازعہ کا جنم دیا ہے ، انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ جو بھی وزیر اعلی سدارامیا کو چیلنج کرنے کی ہمت کرے گا اسے راکھ کر دیا جائے گا۔
بدھ کو بلاری میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر ضمیر نے کہا کہ سی ایم سدارامیا آگ کی طرح ہیں۔ اگر کوئی اسے چھونے کی جرات کرے گا تو وہ راکھ ہو جائیں گے۔
ضمیراحمد نے بعد میں یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ وزیراعلیٰ یا ریاستی پارٹی صدر کے عہدوں کے لیے کوئی جگہ خالی نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیادت کے کردار مضبوطی سے قائم ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ڈی کے شیوکمار کے پی سی سی کے صدر ہیں، اور سدارامیا وزیر اعلیٰ ہیں۔ کوئی عہدہ خالی نہیں ہے، اور مزید بحث کی ضرورت نہیں ہے،
ضمیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کانگریس پارٹی اس کی اعلیٰ کمان کے زیر انتظام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیادت میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا فیصلہ ہائی کمان کرے گی، اور فی الحال ایسے کوئی اشارے نہیں ملے کہ ایسا کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ ابھی تک، سی ایم سدارامیا کو تبدیل کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے اس بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے کسی رہنما نے قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔