مدرسہ مصباح العلوم گنگولی کا سالانہ جلسہ ، طلبہ نے پیش کیا دلچسپ ثقافتی پروگرام ، طلبہ کے درمیان انعامات تقسیم
گنگولی (فکروخبرنیوز) مدرسہ مصباح العلوم گنگولی کا سالانہ اور تکمیلِ حفظ وتقسیمِ انعامات کا پروگرام کل بعد عصر ٹھیک پانچ بجے مدرسہ کے احاطہ میں منعقد کیا گیا جس میں مدرسہ کے طلبہ نے شاندار پروگرام پیش کرتے ہوئے حاضرین کو بہت محظوظ کیا۔ طلبہ نے جہاں قرأت ، نعت اور مختلف نظمیں پیش کیں وہیں مدرسہ کی خدمات پر مشتمل اک دلچسپ مکالمہ بھی پیش کیا۔ طلبہ نے ایکشن سونگ کے ذریعہ بھی مختلف پروگرامات پیش کرتے ہوئے حاضرین کو داد دینے پر مجبور کیا۔
استادِ مدرسہ مولانا عبدالباسط ندوی نے مدرسہ کی قیام کے مقاصد اور اس کی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور مدرسہ کے محسنین کا تذکرہ کرتے ہوئے اس مدرسہ کو گنگولی اور اطراف واکناف کے علاقوں کے لیے دینی اور ایمانی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے شبینہ مکاتب کی اہمیت اورپابندی سے طلبہ کو مکاتب بھیجنے اور شادی بیاہ اور امتحانات کے بہانوں کی وجہ سے مدرسہ کی غیر حاضری نہ کرانے کی سرپرستوں سے گذارش کی۔
استادِ تفسیر جامعہ ضیاء العلوم رائے بریلی مولانا عبدالسبحان ناخدا ندوی نے اپنے کلیدی خطاب میں دین وایمان کی بقاء کے لیے مدارس اور مکاتب کو ایک اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے اس تعلیم کو بنیادی تعلیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمارت کھڑی ہونے کے بعد اس کے گنبداور مینار اور اس کی اونچائی تو انسان کو نظرآجاتی ہے لیکن اس کی بنیاد پر کوئی توجہ نہیں دیتا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ نظر آنے والی چیزیں بغیر بنیاد کے کھڑی نہیں ہوسکتیں ، مولانا نے یہاں بچوں کی تعلیم وتربیت پر مامور اساتذہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھنے اورانہیں معمولی سمجھنے پر اللہ کی طرف سے نازل ہونے والے غیظ وغضب سے ڈراتے ہوئے اپنے بچوں کی مکاتب بھیجنے اور دینی تعلیم کی ضرورت کے لیے مکاتب کے نظام کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔ مولانا نے اپنے خطاب میں دینی تعلیم اچھے لوگوں سے حاصل کرنے اور پورے علمی ماحول میں تعلیم کے حصول پر زور دیا۔ سوشیل میڈیا اور کچھ ایسے افراد جن کا دینی تعلیم سے کوئی تعلق نہیں ہے ، ان سے بچنے کی بھی نصیحت کی۔
اجلاس میں امسال حفظ مکمل کرنے والے طالب علم عبدالواسط ابن عبدالصمد صاحب الال کا تکمیلِ حفظ مولانا عبدالسبحان ناخدا ندوی نے کرایا۔ مذکورہ طالب علم کو مدرسہ کی جانب سے ایک گرام سونے کی گنی اور خصوصی انعام سے بھی نوازا گیا۔ أبناءِ مدرسہ مصباح العلوم کی طرف سے تین ممتاز طلبہ کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔
اسٹیج پر مہتمم مدرسہ مولانا محمد علی ندوی ، امام وخطیب جامع مسجد گنگولی مولانا محمد عمزمل ندوی ، مولانا ضمیر احمد رشادی ، مفتی عبدالکریم ندوی ، حافظ عبدالغفور صاحب اور گنگولی کے مکاتب کے تمام اساتذۂ کرام بھی موجود تھے۔