مرکزی وزیر داخلہ کا ڈاکٹر امبیڈکر کے خلاف تبصرہ : کانگریس نے مودی سے امت شاہ کو برخاست کرنے کا کیا مطالبہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے پارلیمنٹ میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے حوالے سے کیے گئے تبصرہ سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کانگریس نے امت شاہ سے استعفیٰ اور معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے قومی صدر ملکا ارجن کھرگے نے پریس کانفرنس میں اسے بہت ہی افسوسناک قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ بابا صاحب سب کے لیے محترم ہے اور امت شاہ نے ان کے خلاف اپنی زبان کھول کر ان کی توہین کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ آئین کو نہیں مانتے ہیں۔

کانگریس صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے حوالے سے کہا کہ اگر وزیر اعظم مودی کے دل میں بھیم راؤ امبیڈکر کے متعلق عزت ہے تو آج رات 12 بجے سے پہلے پہلے امت شاہ کو ہٹا دینا چاہیے۔ جو شخص آئین کا حلف لے کر ایوان  میں آتا ہے، وزیر بنتا ہے اگر وہ آئین کی توہین کرتا ہے تو اس کو کابینہ میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ایسے لوگوں کو فوراً برخاست کر دینا چاہیے۔

دوسری طرف کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مانیکم ٹیگور نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے توہین آمیز بیانات پر اعتراض کرتے ہوئے ایوان میں بحث کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی وراثت کسی سیاسی فائدے کے لیے نہیں بلکہ قومی فخر اور عزت کا مسئلہ ہے اور جو لوگ منو اسمرتی کے عقائد پر یقین رکھتے ہیں، وہ ہمیشہ ڈاکٹر امبیڈکر کے ان اصولوں سے متفق نہیں ہو سکتے جو ہر انسان کے لیے مساوات کا درس دیتے ہیں۔ ٹیگور نے مطالبہ کیا کہ وزیر داخلہ اپنے بیانات پر معافی مانگیں اور حکومت سے اس توہین کے خلاف سخت اقدام کرنے کی درخواست کی۔

«
»

بھٹکل : مدرسہ دار التعلیم والتربیہ میں حفاظ کے اعزاز میں سجی تقریب ، طلبہ نے پیش کیا ثقافتی پروگرام

ملک کی کئی ریاستوں میں درجہ حرارت میں کمی ، تمل ناڈو میں بارش کے امکانات