کنداپور: بھٹکل کے قریبی علاقہ اور مشہور ساحلِ سمندر مرونتھے ساحل پر ہوا میں بیٹھ کر مختلف ذائقہ دار کھانوں کا لطف اٹھانے کا موقع دستیاب ہوگا۔ جدید اسکائی ڈائننگ کی سہولت اب عوام کے لیے کھول دی گئی ہے۔
منگلورو میں پنمبور کے بعد کرناٹک میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا اسکائی ڈائننگ ہے جس کا افتتاح ایم ایل اے گروراجا گنتی ہول نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گروراجہ نے یقین ظاہر کیا کہ اسکائی ڈائننگ کے تجربے کے آغاز سے تعلقہ میں سیاحت کو نمایاں طور پر فروغ ملے گا۔ کھانے والے اب 90 سے 100 میٹر کی بلندی پر سوپرنیکا ندی اور بحیرہ عرب کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
افتتاح میں ڈپٹی ڈائرکٹر ٹورازم کمار پی، تراسی گرام پنچایت صدر متھن دیواڈیگا، ٹیم منتراس اسکائی ڈائننگ کے مالک پرویش منجیشور، راکیش اتھاور، نارائن کلال، رویراج، اور گرام پنچایت ممبر ناگراج پتاگر نے شرکت کی۔