بھٹکل : قائدِ قوم ڈاکٹرایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب دبئی میں انتقال کرگیے: جانیے ان کی زندگی کے بارے میں!

بھٹکل : بھٹکل کی مشہورومعروف شخصیت اور قائدِ قوم جناب ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب (سی اے خلیل صاحب) مختصر علالت کے بعد  دبئی میں انتقال کرگیے۔  انا اللہ وانا الیہ راجعون

تعلیمی اور سماجی میدان میں مرحوم نے چھ دہائیوں سے زائد مدت تک اپنی خدمات انجام دی جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے اپنی تعلیمی سفر کا آغاز انجمن حامی مسلمین بھٹکل سے کیا اس کے بعد چنئی میں اپنی تعلیم جاری رکھی۔ وہ بھٹکل کے پہلے چارٹرڈ اکاؤنٹ ہیں جنہوں نے تین سال کی مدت میں اپنا کورس مکمل کرکے ممبئی کی ایک کمپنی سے اپنی معاشی زندگی کا آغاز کیا اور کامیابی کے زینے چڑھتے چلے گیے۔ دبئی میں غلاداری گروپ میں ملازمت اختیارکرنے کے بعد کمپنی کوبلندیوں تک پہنچانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔

اپنی قوم کو متحد کرنے اور انہیں تعلیمی اور سماجی خدمات میں آگے بڑھانے میں ان کا بڑا اہم رول رہا ہے۔ قوم کے نونہالوں کو تعلیم کی بلندیوں پر دیکھنے کا خواب شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے انہوں نے بڑی کوششیں کیں جس کا ثمرہ انہوں نے اپنی زندگی ہی میں دیکھا اور بھٹکل میں مختلف تعلیمی اداروں کا تعاون کرتے رہے اور انہیں تعلیمی اور فکری میدان میں آگے بڑھانے کے لیے کوشاں رہے۔

ان کی خدمات صرف اپنی قوم تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ دبئی میں ساحلی کرناٹک سے تعلق رکھنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور انہیں تعلیمی اور سماجی خدمات میں آگے بڑھانے کے لیے کوشاں رہے اور مختلف پلیٹ فارمز کی قیادت سنبھالتے ہوئے دوسری کیمونیٹی کے افراد سے بھی اپنے تعلقات استوار رکھے۔ اس پورے ساحلی خطہ کو تعلیمی اور سماجی خدمات میں  آگے بڑھانے میں ان کی خدمات کے لوگ معترف ہیں۔

سن 1978عیسوی سے دبئی میں قدم رکھنے والی اس شخصیت کی شہرت قومی سطح سے آگے بڑھ کر بین الاقوامی سطح پر پہنچ گئی اور دبئی کی سو بااثر شخصیات میں ان کا شمار ہونے لگا۔

سن 1938 میں بھٹکل میں پیدا ہونے والی یہ شخصیت اپنی عمر کی 86 بہاریں گذارنے کے بعد دبئی میں انتقال کرگئی۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین

«
»

ارب پتی گوتم اڈانی پر امریکی عدالت میں دھماکہ خیز الزامات

مچھلیوں سے لدا ٹرک انووا کار پر الٹ گیا ، سات افراد شدید زخمی