اڈپی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے انتیسویں سالانہ اجلاس عام بنگلور کی تیاری کے سلسلے میں جاری ریاست کرناٹک کے مختلف اضلاع میں اجلاس تحفظ شریعت و تحفظ اوقاف کے ضمن میں آج بتاریخ 20 نومبر 2024ء بروز بدھ بمقام جامع مسجد کنڈلور زیر صدارت مولانا عبید اللہ ابوبکر ندوی (قاضی شریعت دارالقضاء آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ضلع اڈپی و کنوینر ماحول سازی کمیٹی ضلع اڈپی برائے اجلاس عام آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز مولانا خلیل مدراسی (طالب علم، شعبہ تدریب افتاء و قضاء، جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور) کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مولانا زید ندوی(طالب علم، شعبہ تدریب افتاء و قضاء، جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور) نے بارگاہ رسالت میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ مولانا ضمیر احمد خلیفہ رشادی (جنرل سکریٹری، جماعت المسلمین ضلع اڈپی) نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے اجلاس کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد جناب شاہد علی (صدر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا، ضلع اڈپی)، مولانا محمد مزمل صاحب ندوی (امام و خطیب جامع مسجد گنگولی) جناب مشتاق احمد (کنوینر مسلم بھاندویہ ویدکے کرناٹک) نے موقع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بنگلور میں ہونے والے اجلاس عام میں شرکت اور اوقاف کے سلسلہ میں بورڈ کی طرف سے لئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کی ترغیب دی۔ آخر میں صدر اجلاس نے اپنے صدارتی خطاب میں اتحاد ملت اور شریعت پر صد فیصد عمل کرنے پر ابھارا۔ دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ مفتی عبدالکریم ندوی (نائب فاضی، دارالقضاء آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ضلع اڈپی) نے بحسن وخوبی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ ضلع اڈپی کے مساجد کے ائمہ و خطباء، عہدیداران، علاقے کے علماۓ کرام اور مختلف اداروں و تنظیموں کے ذمہداران شریک اجلاس ہوۓ۔ جاتے ہوئے اجلاس عام کے اعلان و تشہیر کے لئے دعوت نامے اور پوسٹرز ذمہ داران مساجد کے حوالے کئے گئے۔ خطباء سے آنے والے جمعہ میں "آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی حالیہ سرگرمیاں اور اس کا انتیسواں اجلاس عام” کے عنوان پر خطاب کی درخواست کی گئی۔