وزیر اعظم مودی اوربی جے پی لیڈروں کی جانب سے کانگریس کے اقتداروالی کرناٹک حکومت کے تئیں’ فیک نریٹو‘ پھیلانےکے خلاف کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے بعد اب وہاں کے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور بھی سامنے آئے ہیں اور انہوں نے دادر میں واقع ریاستی کانگریس کے دفتر تلک بھون میں منعقد پریس کانفرنس میں وضاحت کی کہ کرناٹک میں کانگریس نے جو ۵؍ گیارنٹیاں دی ہیں ان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے اور ان گیاریٹیوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مجموعی طور پر ۵۶؍ ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان گیارنٹیوں میں ہر خاتون کو ۲؍ ہزار روپے معاوضہ دینے والی گرہ لکشمی اسکیم سے اب تک ایک کروڑ ۲۲؍ لاکھ خواتین استفادہ کر چکی ہیں۔
کرناٹک کے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشورا نے کہاکہ حکومت کے قیام کے بعد کابینہ کے پہلے ہی اجلاس میں۵؍گیارنٹیوں پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا اور فوری عمل در آمد بھی شروع ہو گئی ہے اس کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی لیڈر کانگریس کی۵؍گیارنٹیوں کے بارے میں گمراہ کن باتیں پھیلا رہے ہیں۔
ڈاکٹر جی پرمیشورا نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس حکومت کی طرف سے شروع کی گئی ۵؍ گیارنٹیوں میں شامل گرہ لکشمی گیارنٹی کےتحت ہر ماہ ہر خاتون کے بینک کھاتے میں ۲؍ہزار روپے جمع کئے جا رہے ہیں۔ اس اسکیم سے اب تک ایک کروڑ ۲۲؍ لاکھ خواتین کے کھاتوں میں ۳۰؍ ہزار ۴۱۶؍ کروڑ روپے جمع کئے جاچکے ہیں۔ دوسری گیارنٹی گرہ جیوتی یوجناسے ایک کروڑ ۶۶؍ لاکھ مستفیدین ہیں اور ر۱۴؍ ہزار ۶۵؍ کروڑ روپے فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ بے روزگار نوجوانوں کو نوکری ملنے تک ماہانہ ۳؍ ہزار روپے دینے والی تیسری گیارنٹی’یوواناندھی ‘کے تحت اب تک ۴؍لاکھ ۳۰؍ ہزار نوجوانوں نے فائدہ اٹھایا ہے اور اس کیلئے ۲۰۰؍ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ چوتھی ’شکتی‘ گیارنٹی کے تحت ہر خاتون کو کرناٹک حکومت کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت مل رہی ہے اور اس گیارنٹی کےتحت ۳؍ کروڑ ۱۷؍ لاکھ خواتین مفت سفر کر چکی ہیں اور اب تک ۶؍ ہزار ۱۲۵؍ کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ اَن بھاگیہ گارنٹی کے تحت ۱۰؍ کلو اناج مفت دیا جا رہا ہے۔ اس گارنٹی سےایک کروڑ۱۵؍ لاکھ شہری مستفید ہوئے ہیں اور۸؍ ہزار ۲۲۹؍کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ ان سب کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی لیڈر جان بوجھ کر غلط باتیں پھیلا رہے ہیں۔