سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری بُچ معاملہ پر کانگریس لگاتار حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے یہ حملہ مزید بڑھ گیا ہے اور اس معاملے میں بنائی گئی راہل گاندھی کی ویڈیوز نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ اس درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں براہ راست پی ایم مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی جی، آپ اپنے ذریعہ مقرر کردہ چیئرپرسن کے ماتحت سیبی میں پیدا ہوئی سڑاندھ کو چھپا نہیں سکتے۔ مستقل ہو رہے انکشافات اس کی حالت کو ناقابل اعتماد بناتا ہے۔‘
اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کھڑگے نے پی ایم مودی پر سیبی کا تقدس پامال کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’آپ نے سالوں کی مھنت سے بنائی گئی ہندوستانی مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے تقدس کو پامال کر دیا ہے، جس سے کروڑوں چھوٹے اور درمیانے سرمایہ کاروں کی محنت سے کمائی گئی بچت خطرے میں پڑ گئی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’یہ اس بات کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ آپ نے اپنے خاص دوست اڈانی کے لیے اجارہ داری والا ماحول کس طرح بنایا۔‘‘
کانگریس صدر نے اس پورے معاملے کی جانچ کے لیے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اس سنڈیکیٹ کے ہر پہلو کی جانچ ہونی چاہیے۔ اس کے لیے ایک مکمل جے پی سی کی ضرورت ہے۔‘‘