(فکروخبر/ذرائع)اسرائیل کے دارالحکومت میں ایک بس اسٹاپ پر تیز رفتار ٹرک نے راہگیروں کو کچل دیا جس میں 35 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گلیلوٹ ملٹری بیس کے قریب ایک بس اسٹاپ پر میوزیم کے دورے کے بعد بس سے اترنے والے مسافروں کو ایک تیز رفتار ٹرک نے کچل دیا۔
زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بزرگ شہری شامل ہیں۔ وہاں موجود ایک مسلح شہری نے گولی مار کر ٹرک ڈرائیور کو قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں اس واقعے میں 24 زخمیوں کا علم ہے تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 35 تک ہوسکتی ہے۔
زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک ہے جن میں سے ایک نے دوران علاج دم توڑ دیا۔
تاحال جوابی کارروائی میں ہلاک ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم حلیے سے وہ فلسطینی شہری لگ رہا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ ایک فلسطینی نوجوان نے مرکزی ہائی وے پر فائرنگ کرکے ایک پولیس افسر کو ہلاک اور 4 شہریوں کو زخمی کردیا تھا۔
اسرائیل کی غزہ پر ایک سال سے جاری بمباری کے ردعمل میں خود اسرائیلی سرزمین اور دنیا بھر میں سفارت خانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔