بنگلور: ایک دل خراش واقعہ میں ایک زیر تعمیر عمارت بنگلور کے ہننور علاقے میں گر گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم تین مزدور ہلاک ہوگئے۔ بچاؤ کی کارروائی، جو کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی جس میں تمام متاثرین کو بازیاب کیا گیا، جبکہ ہیومانیٹیرین رلیف سوسائیٹی (ایچ آر ایس) کے رضا کاروں کی کوششیں شامل رہی۔
بنگلور میں تیز بارشوں کے نتیجہ میں بنگلور کے ہنور علاقہ میں زیر تعمیر عمارت زمیں بوس ہو گئی ، ابتدائی رپورٹس میں بتیا گیا کہ عمارت کے بنیادی ڈھانچے کی کمزوری، خاص طور پر بیسمنٹ میں، اس کے گرنے کا سبب ہو سکتی ہے۔ ہنگامی امدادی کاروائیوں میں میں پولیس، فائر فائٹرز، اور این ڈی آر ایف کے اہلکار شامل تھے، پھنسے ہوئے افراد کی بازیابی کے لیے کی جانے والی کوششوں میں ایچ آر ایس کے رضا کار بھی شامل تھے جنہوں نے بلڈنگ کی منہدم ہونے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ کر سرکاری امدادی ایجینسیوں کے شانہ بشانہ ملبے کو صاف کرنے اور ضرورت مندوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے میں مدد فراہم کرتے رہے۔
ایچ آر ایس کے والینٹیرس نے اس سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے افراد سے ملاقات کی اور ان اس مشکل وقت میں انہیں دلاسہ دیا اور اس صدمہ سے نکنے میں مدد کی۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ کرناٹک ڈاکٹر محمد سعد بیلگامی نے ایچ آر ایس کے والینٹیرس کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ بنگلور کی عمارت کے گرنے کے واقعے میں ایچ آر ایس کے رضا کاروں کی کوششوں کا شکر گزار ہوں۔ وہ رات دیر تک کام کرتے رہے، نہ صرف بازیابی میں مدد کی بلکہ متاثرہ خاندانوں کی کونسلنگ بھی کی۔ انسانی خدمت کے لیے ان کی وابستگی واقعی ہمدردی کی عملی مثال ہے۔