تل ابیب: (فکروخبر/ذرائع)حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر شدید بمباری کی گئی ہے، جس کے بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
روئٹرز کے مطابق لبنان کی حزب اللہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے تل ابیب کے مضافات میں نیریت کے علاقے پر میزائلوں سے بمباری کی ہے، اور اسرائیلی کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے راکٹ حملوں سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب گونج اٹھا، شہر بھر میں سائرن بجا دیے گئے، اور اسرائیلی فورسز نے تل ابیب میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
حملوں سے خوف زدہ ہو کر تل ابیب میں بین گوریون ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن روک دیا گیا، لاکھوں لوگ پناہ گاہوں میں چھپ گئے، جب کہ حملوں کے فوراً بعد رات کو نابلس میں داخل ہونے والی ایک بس کو مقبرے میں رات بھر پناہ لینی پڑی، جسے اسرائیلی فورسز نے صبح وہاں سے بہ حفاظت نکالا۔
واضح رہے کہ آئی ڈی ایف نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں لبنان اور غزہ میں 230 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں لبنان کے اندر حزب اللہ کے تین فضائی یونٹس کے ہیڈکوارٹرز بھی شامل ہیں، اسرائیلی فورسز کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں تقریباً 15 حزب اللہ جنگجو مارے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مشرق وسطی کے دورے پر آج اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔