بھٹکل کی ہردلعزیز شخصیت جناب اسلم جوکاکو انتقال کرگیے ، مغرب سے قبل عمل میں آئی تدفین

بھٹکل : ہر دلعزیز شخصیت کی فراق پر بھٹکل غم میں ڈوبا ہوا ہے۔ وہ کوئی اور نہیں بلکہ بھٹکل کی معروف شخصیت جناب اسلم جوکاکو ہیں جو مختصر علالت کے بعد انتقال کرگیے۔ دو ہفتے قبل ان کی طبیعت اچانک بگڑگئی اور انہیں منگلور کے ایک نجی اسپتال میں میں داخل کیا گیا جہاں کئی دنوں تک ان کا علاج کیا گیا مگرکارگر ثابت نہیں ہوا۔ طبیعت میں بہتری نہ آنے کی وجہ سے انہیں بھٹکل کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ سخت نگہداشت والے کمرے میں تھے۔ آج صبح دس بجے کے قریب ان کے انتقال کی خبر موصول ہوئی۔

شانِ رسالت میں گستاخی کے خلاف اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے آج بھٹکل میں پرامن بند منایا جارہا ہے لیکن اس دوران جیسے ہی اسلم جوکاکو کے انتقال کی خبر موصول ہوئی تو لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور ان کے گھر پہنچ کر ان کا آخری دیدارکیا اور ان کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔

آج بعدِ عصر قریب ساڑھے بجے جمّ غفیر کی موجودگی میں ان کی نمازِ جنازہ جامع مسجد بھٹکل میں ادا کی گئی اور شہر کے قدیم قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔

مرحوم اسلم جوکاکو دعوت و تبلیغ سے جڑے ہوئے تھے اور بڑے فعال تھے۔ ہمیشہ خود کو نام ونمود سے دور رکھا حتی کہ عوامی بیان سے بھی دور بھاگتے تھے لیکن دوسروں کی خدمت کو اپنا شیوہ بنایا۔ تبلیغی اجتماع میں ایک اہم ذمہ دار کی حیثیت سے جانے جاتے تھے۔ شہر میں ملک بھر سے جتنی بھی جماعتیں آتی تھیں ان کی خبر گیری رکھتے اور ان کی نصرت کے لیے خود کو ہمیشہ پیش کرتے۔ بھٹکل سے جو جماعتیں ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں میں روانہ کی جاتی تھیں ان کے اپنا وقت گزرنے کے بعد بھٹکل پہنچنے تک ان کی خبرگیری لیتے رہتے تھے۔ ان کے توسط سے سینکڑوں لوگ تبلیغی جماعت سے ایسے جڑگئے کہ انہوں نے اسی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنادیا۔ ملکی سطح کے تبلیغی جماعت کے ذمہ داران سے آپ کے  بڑے اچھے تعلقات تھے۔ ان کی وفات سے تبلیغی جماعت کے حلقہ میں ایک خلا پایا جارہا ہے۔

اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس انہیں جگہ عطا فرمائے۔ آمین

«
»

اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکر کو لکھا خط، جے پی سی میٹنگ میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام

یوپی، بہار اور راجستھان سمیت 15 صوبوں کی 2 پارلیمانی اور 48 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات، جانئے کہاں اور کب؟