بھٹکل کے سید نبیغ ابن سید نور الھدیٰ برماور نے حیدرآباد میں منعقدہ حفظِ قرآن مسابقہ میں اول انعام کیا حاصل ، ایک لاکھ روپیے اور عمرہ ٹکٹ سے نوازا گیا

بھٹکل : حیدرآباد میں ایس آرزیڈ انٹرپرائزز کے زیر اہتمام آل انڈیا حفظ قرآن مسابقہ ’’ ماہر القرآن ایوارڈ 2024 ‘‘ میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے مولوی سید نبیغ ابن سید نور الھدیٰ برماور نے اول مقام حاصل کیا ہے جس پر انہیں ایک لاکھ روپیے نقد اور عمرہ کی ٹکٹ سے نوازا گیا۔  

حیدر آباد کے گڈی ملکا پورکے کنگز پیالیس میں منعقدہ اس مسابقہ میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے حفاظ نے شرکت کی جنہیں مختلف راؤنڈ سے گذارنے کے بعد آج منتخب حفاظ کے درمیان مقابلہ ہوا۔

اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مولوی سید نبیغ نے کہا کہ یہ محض اللہ کا فضل اوروالدین و اساتذہ کی دعاؤں کا ثمرہ ہے کہ اس نے اس مقام پر مجھے لاکھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ روز قبل میرے والدِ ماجد کی طبیعت بہت بگڑ گئی اور انہیں منگلور کے ایک اسپتال میں آئی سی یو میں داخل کرنا پڑا۔ اس دوران والد کی خدمت کی وجہ سے میں مسابقہ کی مکمل تیاری نہیں کرپایا لیکن اس حالت میں میرے والد صاحب کہہ رہے تھے کہ آپ اول نمبرسے کامیابی درج کرو گے اور آج مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ اول نمبر پر میرے نام کا اعلان کیا جارہا ہے۔

اسی اجلاس میں سید نبیغ کو ماہر القرآن کا ایوارڈ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کے دستِ مبارک سے نوازا گیا۔

دوم نمبر پر آنے والے مساہم کے لیے پچاس ہزار روپیے اور تیسرا مقام حاصل کرنے والے کو پچیس ہزار روپیے نقد بطورِ انعام پیش کیے گیے۔

«
»

لبنان : چار روز میں خواتین بچوں سمیت 600 شہید، 90 ہزار بے گھر

انکولہ لینڈ سلائیڈنگ میں لاپتہ ڈرائیور اور لاری کا پتہ چل گیا