بھٹکل: ایک مضبوط قوم کی تعمیر کے لیے خاندان سب سے پہلی اور اہم بنیاد ہے، اگر خاندان مضبوط ہو تو سماج اور ریاست بھی مضبوط ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بھٹکل کے تحصیلدار ناگیندر کولشیٹی نے کیا۔
وہ شہر میں جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام منعقدہ ’خوشحال خاندان، مضبوط سماج‘ قرآن پروچن (خطباتِ قرآن) پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی ترقی میں خاندانی نظام کی اہمیت پر زور دیا۔
آج کے بدلتے ہوئے طرز زندگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جنریشن زی‘ (نئی نسل) میں صبر اور ہم آہنگی کی کمی بڑھ رہی ہے۔ سوشل میڈیا کے ’ریلز کلچر‘ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نوجوانوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ زندگی میں ہر چیز فوری طور پر حاصل نہیں ہوتی۔
پروگرام میں کلیدی خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے ریاستی سکریٹری محمد کنہی نے کہا کہ خاندان محض ایک سماجی ڈھانچہ نہیں ہے بلکہ یہ اللہ کا بنایا ہوا ایک مقدس نظام ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر خاندانی اقدار زوال پذیر ہو جائیں تو پورا معاشرہ بکھر جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے دور میں بھی سچائی، انصاف، رواداری، رحم دلی اور پرہیزگاری جیسی اقدار ہرگز تبدیل نہیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج کی مشینی زندگی میں رشتے بھی کاروباری ہوتے جا رہے ہیں اور خاندانوں میں اپنائیت کم ہو رہی ہے۔ بچوں کو صرف پروفیشنل بنانے کے بجائے گھر میں ہی محبت، احترام اور رواداری کا درس دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں والدین کے ساتھ حسن سلوک کی تلقین کی۔
بھٹکل تعلقہ کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید دور میں مکانات تو بڑے ہو رہے ہیں لیکن دل چھوٹے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان نے تکنیکی طور پر اتنی ترقی کر لی ہے کہ ایٹم کو تقسیم کر سکتا ہے، لیکن اپنے اندر کی ’انا‘ (Ego) کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب دیواریں کھڑی کرنے کے لیے نہیں بلکہ نقطہ نظر کو وسیع کرنے کے لیے ہونا چاہیے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی ضلع ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر نرسمہا اڈّی نے کہا کہ بھٹکل اپنی اصل انسانیت اور مذہبی ہم آہنگی کی ثقافت کی طرف لوٹ رہا ہے جو خوش آئند ہے۔ کانگریس لیڈر راما موگیر نے بھٹکل کی ہزاروں سالہ پرانی باہمی ہم آہنگی کی روایت کا ذکر کیا۔
پروگرام میں ریٹائرڈ پروفیسر آر ایس نائک، لیبر لیڈر جی این ریونکر، تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری اور سول انجینئرز ایسوسی ایشن کے سکریٹری سریش پجاری نے بھی خطاب کیا اور ملک کے تنوع میں اتحاد پر زور دیا۔
جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مولانا سید زبیر ایس ایم نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ قرآن پروچن کے کنوینر انجینئر نذیر قاضی نے شکریہ ادا کیا، جبکہ صحافی ایم آر مانوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
