کرناٹک : 100 ایم ایل ایز قیادت کی تبدیلی چاہتے ہیں، بیان دینے والے کانگریس لیڈر کو شوکاز نوٹس

کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (KPCC) نے منگل کو پارٹی کے رکن اسمبلی اقبال حسین کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ اقدام ان کے اُس بیان کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاست میں قیادت کی تبدیلی کے حق میں 100 سے زائد ایم ایل ایز ہیں، اور وہ ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار کو وزیر اعلیٰ دیکھنا چاہتے ہیں۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ریاست میں قیادت کی تبدیلی کی افواہیں زور پکڑ رہی ہیں اور کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے پارٹی ایم ایل ایز سے ملاقات کی ہے۔

ڈی کے شیوکمار، جو کہ KPCC کے صدر بھی ہیں، نے شوکاز نوٹس میں اقبال حسین سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا:
"آپ کے بیانات نے پارٹی کو شرمندگی میں مبتلا کیا ہے۔ آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر وضاحت پیش کریں۔”

اقبال حسین نے کھل کر ڈی کے شیوکمار کی حمایت کرتے ہوئے کہا:
"یہ صرف میری رائے نہیں، بلکہ 100 سے زائد ایم ایل ایز تبدیلی کے حق میں ہیں۔ وہ اچھے حکمرانی کے خواہاں ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ڈی کے شیوکمار کو وزیر اعلیٰ بننے کا موقع ملنا چاہیے۔”

انہوں نے مزید کہا:"ڈی کے شیوکمار نے پارٹی کے لیے مسلسل محنت کی ہے اور تنظیم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ KPCC صدر بننے کے بعد پارٹی کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔”

تاہم، قیادت کی تبدیلی کی بڑھتی قیاس آرائیوں کے درمیان، کانگریس جنرل سیکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ایسی کوئی مشق جاری نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایم ایل ایز کی طرف سے کوئی خدشات ہیں، تو انہیں پارٹی اور حکومت کے اندرونی نظام کے تحت حل کیا جائے گا۔

سرجے والا نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ شیوکمار دونوں نے یقین دلایا ہے کہ ریاست کے پاس ترقیاتی منصوبوں کے لیے وافر فنڈز موجود ہیں۔

بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن جان بوجھ کر ایسی افواہیں پھیلا رہی ہے تاکہ کانگریس حکومت کی عوامی فلاحی اسکیموں کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "بی جے پی کے لیڈران، چاہے وہ آر اشوک ہوں یا وجیندر، سب چاہتے ہیں کہ ہماری گارنٹی اسکیمیں بند ہوں۔ میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ عوام کے سامنے آ کر کہیں کہ وہ ان فلاحی اسکیموں کے خلاف ہیں،”

بنٹوال : مسجد سکریٹری عبدالرحمن کےقتل معاملہ میں ایک اور گرفتاری

بی جے پی لیڈر سے معافی نہ مانگنے پر سرکاری افسر پر دن دہاڑے حملہ