بھٹکل:17ستمبر2025(فکروخبرنیوز)نیو شمس اسکول کے ہونہار طالب علم فلاح ایم جے (نویں جماعت) نے CISCE نیشنل لیول کراٹے ٹورنامنٹ 2025 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ یہ باوقار مقابلہ 14 تا 18 ستمبر بنگلور میں منعقد ہوا۔
فلاح نے انڈر 17 بوائز کومیتے کیٹیگری (50- کلوگرام) میں زبردست مہارت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ اپنے آغاز میں انہوں نے بہار-جھارکھنڈ ریجن اور مہاراشٹر کے کھلاڑیوں کو یکطرفہ مقابلوں میں 0-8 کے بڑے مارجن سے شکست دی۔
فائنل میچ میں کیرالہ کے مضبوط حریف کے ساتھ کانٹے دار مقابلہ ہوا، لیکن فلاح نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 2-3 سے کامیابی حاصل کی اور نیشنل چیمپئن کا خطاب جیت لیا۔
قومی سطح تک پہنچنے کے لیے فلاح نے اس سے پہلے داونگیرے میں زونل چیمپئن شپ اور بنگلور میں کرناٹک و گوا ریجنل چیمپئن شپ میں بھی طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
نیو شمس اسکول نے اس شاندار کامیابی پر فلاح کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے کوچ جناب امر شابنداری (AKFA) اور اسکول کے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرشماس کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور انتظامیہ کی مسلسل سرپرستی کو بھی سراہا۔
یاد رہے کہ فلاح ایم جے کا سفر صرف قومی سطح تک محدود نہیں ہے۔ رواں سال فروری میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں منعقدہ باوقار ورلڈ کراٹے یوتھ لیگ میں انڈر-14 کیٹیگری میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی اور بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کا پرچم بلند کیا تھا۔
فکروخبر ادارہ فلاح ایم جے، ان کے والدین اور نیو شمس اسکول کو اس شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔



