نکسلیوں کے حملے میں ۹ جوانوں کی موت ، ۶ زخمی

چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں نکسلیوں نے ایک بڑا حملہ کیا ہے جس میں کئی جوان شہید ہو گئے ہیں۔ آئی ای ڈی سے سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ نکسلیوں نے کٹرو روڈ پر آئی ای ڈی پلانٹ کیا تھا جس کی زد میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی آ گئی۔ اس دھماکہ میں کم از کم 9 جوانوں کی شہادت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، جبکہ 6 سے زائد جوان سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ جوانوں کی یہ ٹیم ایک آپریشن مکمل کر لوٹ رہی تھی۔موصولہ اطلاع کے مطابق نکسلیوں نے یہ حملہ بیجاپور ضلع کے کٹرو-بیدرے روڈ پر اس وقت کیا جب دنتے واڑہ، نارائن پور اور بیجا پور سے جوائنٹ آپریشن پارٹی اپنا آپریشن مکمل کر واپس لوٹ رہی تھی۔ دوپہر 2.15 بجے کٹرو تھانہ علاقہ کے امبیلی گاؤں کے پاس نکسلیوں نے آئی ای ڈی دھماکہ کر سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو اڑا دیا۔

اس حادثہ کے بعد آئی جی بستر کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نکسلیوں نے بیجاپور میں آئی ای ڈی دھماکہ سے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو اڑا دیا۔ اس حملے مٰن دنتے واڑہ کے 8 ڈر آر جی جوان اور ایک ڈرائیور سمیت 9 جوان شہید ہوئے ہیں۔ انھوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سیکورٹی فورسز دنتے اڑہ، نارائن پور اور بیجاپور کے جوائنٹ آپریشن سے لوٹ رہے تھے۔

چھتیس گڑھ اسمبلی کے اسپیکر رمن سنگھ کا بیان بھی سامنے آ چکا ہے۔ انھوں نے بیجاپور آئی ای ڈی دھماکہ پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب جب نکسلیوں کے خلاف بڑے آپریشن کیے جاتے ہیں، وہ اس طرح کی بزدلانہ حرکت کرتے ہیں۔ نکسلزم کے خلاف چھتیس گڑھ حکومت جو قدم اٹھا رہی ہے، اسے مزید تیز کرے گی۔ حکومت ڈرنے یا جھکنے والی نہیں ہے۔ ان کے خلاف سختی سے کارروائی جاری رہے گی۔