ناخدا شیرور جماعت دبئی کے زیرِ اہتمام سیرتِ النبی صلى الله عليه وسلم کے عنوان پر آن لائن پروگرام ، ایڈیٹر انچیف فکروخبرمولانا سید ہاشم ایس ایم ندوی کا خطاب

دبئی : ہم اپنے وطن سے دور زندگی گذاررہے ہیں اور وطن سے دور ایک ملک میں ہونے کے باوجود اپنی مصروفیات کی وجہ سے ایک جگہ جمع نہیں ہوسکتے لیکن جدید وسائل نے اس کو آسان کردیا اور ہم جسمانی طور پر نہ سہی بلکہ اپنی اپنی جگہ سے ایک دوسرے سے اس طرح جڑگیے کہ ہرایک دوسرے کے حرکات وسکنات کو بھی دیکھ رہا ہے ، اس کے خیالات سے فائدہ اٹھارہا ہے اور ایک دوسرے سے اپنی خوشیاں بانٹ رہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم ایس ایم ندوی نے کیا۔ مولانا موصوف 12 ربیع الاول مطابق 15 ستمبر  بروز اتوار’’پراواسی ناخدا دبئی ‘‘ کے زیرِاہتمام سیرتِ النبی کے عنوان پرآن لائن اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا نے سوشل میڈیا اور جدید وسائل کے صحیح استعمال کرتے ہوئے دین کی نشرو اشاعت پر زوردیا اورنبی کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے شریعت کے حدود میں رہ کر اس کو استعمال کرنے کی بات کہی۔ مولانا نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن کی آیت  يس والقران الحكيم إنك لمن المرسلين سے کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے کئی گوشوں پر روشنی ڈالی، مولانا عشقِ رسول میں ڈوب کرآبدیدہ ہوگئے ، ان کی گفتگو کا انداز اس قدر نرالا تھا کے سامعین پر سکتہ طاری ہوگیا۔

پروگرام کا آغازمولانا بہاءالدین ندوی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد مولانا جاويد ندوی نے مہمانِ خصوصی اور آن لائن جوائن ہونے والے احباب کی خدمت میں استقبالیہ کلمات پیش کیے۔  جلسہ کی صدارت جناب محمد یاسین مکڑے صاحب نے کی۔

مولانا سید ہاشم ندوی صاحب کے دعائیہ کلمات پر سیرت النبی کا یہ آن لائن پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔