ممتا بنرجی پر بھروسہ نہیں ،وہ بی جے پی کے ساتھ جا سکتی ہیں : کانگریس رہنما

کولکاتا: مغربی بنگال کانگریس کے ریاستی صدر ادھیر رنجن چودھری نے وزیر اعلیٰ ممتا کے انڈیا اتحاد کی ممکنہ حکومت کی حمایت والے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ‘انہیں ممتا پر بھروسہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ مرکز میں حکومت بنانے کے لیے انڈیا اتحاد کی باہر سے حمایت کریں گی۔

ادھیر رنجن چودھری نے جمعرات کو نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ مجھے ان پر بھروسہ نہیں ہے۔ وہ اتحاد چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔ وہ مستقبل میں بھی ایسا کر سکتی ہیں۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ بھی جا سکتی ہیں۔ وہ کانگریس پارٹی کو تباہ کرنے کی بات کر رہی تھیں۔ سب نے دیکھا ہے کہ وہ اتحاد توڑ کر چلی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ان کے ساتھ کبھی بدتمیزی نہیں کی، کوئی برا سلوک نہیں کیا، غلط بیان بازی نہیں کی۔ میرا موقف بالکل واضح ہے۔ اب بہانے بنانا درست نہیں ہے۔ اب انہوں نے رونا شروع کر دیا۔ پہلے وہ کہہ رہی تھی کہ کانگریس کو 40 سے زیادہ سیٹیں نہیں ملیں گی لیکن اب وہ کچھ کہہ رہی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ کانگریس پارٹی کی قیادت میں انڈیا اتحاد اقتدار میں آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بدھ کو ہگلی ضلع میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی نے کہا تھا کہ اگر لوک سبھا انتخابات 2024 میں انڈیا اتحاد کامیاب ہوتا ہے اور اس کی حکومت بنتی ہے تو وہ اس حکومت میں شامل نہیں ہوں گی لیکن ان کی پارٹی ٹی ایم سی باہر سے اتحاد کی حمایت کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے