"ملک کے لیے شرمناک”: ٹرمپ کے سیزفائر دعوے پرکانگریس صدر کھرگے کا حکومت سے وضاحت کا مطالبہ

نئی دہلی، 21 جولائی — کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگےنے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو "ملک کے لیے شرمناک” قرار دیا ہے کہ انہوں نے مئی میں آپریشن "سندور” کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان سیزفائر کرایا تھا۔ کھرگےنے حکومت سے اس معاملے میں واضح مؤقف پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
راجیہ سبھا میں زیرو آور کے دوران کھرگےنے کہا:
"ڈونالڈ ٹرمپ نے نہ صرف ایک بار، بلکہ 24 بار یہ دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سیزفائر انہوں نے کرایا۔ یہ بھارت کے وقار کے لیے انتہائی توہین آمیز دعویٰ ہے۔ حکومت کو اس پر فوراً جواب دینا چاہیے۔”
پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر دو روزہ مباحثے کا مطالبہ
کھرگےنے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے، آپریشن سندور، مبینہ سیکیورٹی ناکامیوں اور خارجہ پالیسی پر دو دن کے خصوصی مباحثے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا:
"تمام سیاسی جماعتوں نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کو غیر مشروط حمایت دی ہے، اب حکومت بتائے کہ صورت حال کیا ہے؟ دہشت گرد اب تک نہ مارے گئے، نہ پکڑے گئے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خود تسلیم کیا ہے کہ پہلگام حملے میں سیکیورٹی چُوک ہوئی ہے۔
راجیہ سبھا میں ہنگامہ، کانگریس کا واک آؤٹ
حزبِ اختلاف کے مطالبات پر ایوان میں ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے بعد ایوان کو مختصر وقت کے لیے ملتوی کرنا پڑا۔ دوپہر 12 بجے جب ایوان دوبارہ شروع ہوا تو کانگریس اراکین نے دوبارہ احتجاج کیا اور پھر واک آؤٹ کر گئے۔
حکومت کا جواب: بات چیت کے لیے تیار ہیں
ایوان کے لیڈر اور مرکزی وزیر جے پی نڈا نے کہا کہ حکومت آپریشن سندور سے متعلق تمام امور پر بحث کے لیے تیار ہے۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے بھی ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے پر مکمل بحث کرائی جائے گی۔
آپریشن سندور: پس منظر
آپریشن سندور 7 مئی 2025 کو پہلگام حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں 26 بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ یہ ایک مشترکہ فوجی کارروائی تھی جس میں بری، بحری اور فضائی افواج نے شامل ہوکر سرحد پار دہشت گرد انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ 10 مئی کو اچانک سیزفائر کا اعلان کیا گیا۔
ٹرمپ نے بعد ازاں متعدد بار دعویٰ کیا کہ یہی سیزفائر ان کی "کامیاب ثالثی” کا نتیجہ تھا — جس پر بھارت کی حکومت نے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔

2026 ممتا بنرجی نے انتخابات کا بجادیا بگل ، بی جے پی کے خلاف نئی تحریک کا اعلان

2006 ممبئی بم دھماکے: بری ہونے والوں کو انصاف کون دے گا؟ اویسی کا اے ٹی ایس افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ