یوپی کے کانپور میں مندروں کو دوبارہ حاصل کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے۔ اس مہم کی قیادت کوئی اور نہیں، بلکہ شہر کی میئر خود کررہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، کانپور کی میئر پرمیلا پانڈے نے مسلم اکثریتی علاقوں میں مبینہ طور پر ایسے مندروں کی بازیابی مہم کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ کانپور میونسپل کارپوریشن نے ایسے ۱۲۵ مندروں کی فہرست تیار کی ہے جو غیر قانونی قبضے کے تحت ہیں۔ میئر کی قیادت میں ان مندروں کو بازیاب اور دوبارہ بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ مذکورہ فہرست میں شامل کئی مندر اب کھنڈرات میں تبدیل ہوچکے ہیں، کچھ مندروں کی مورتیاں لاپتہ ہیں اور دیگر منادر مکمل طور پر منہدم ہوگئے ہیں۔
میئر پانڈے نے مہم کے تحت، مندروں کی شناخت اور ان پر دعوی جتانے کے لئے ذاتی طور پر مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا، "میرا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ غائب ہو جانے والے یا کھنڈرات میں تبدیل ہونے والے مندروں کو ڈھونڈ کر انہیں بحال کیا جائے۔ ان مندروں میں مناسب دروازے، صفائی ستھرائی اور باقاعدہ پوجا پاٹھ ہونی چاہئے تاکہ ان پر دوبارہ قبضہ نہ کیا جا سکے۔”
ہیرامنی کا پوروا کا دورہ کرکے میئر پانڈے اور میونسپل حکام نے خستہ حالت میں تین مندروں کی نشاندہی کی۔ انہوں نے بتایا کہ مندروں میں بت ٹوٹے ہوئے تھے۔ اپنے فون کی ٹارچ کا استعمال کرتے ہوئے، انہوں نے ڈھانچے کے اندرونی حصوں کا جائزہ لیا۔ مندروں کو صاف کرنے اور مزید نقصان کو روکنے کے لئے دروازے نصب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر میئر پانڈے نے بازیابی مہم کے پیچھے اپنے ارادے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، "میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ ہندوؤں کے بھولے ہوئے مندروں کو بحال کیا جائے تاکہ پوجا دوبارہ شروع ہوسکے۔ اس کے علاوہ میرا اور کوئی مقصد نہیں ہے۔”
مسلم مذہبی رہنماؤں نے اس مہم پر سخت اعتراض کیا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس مہم سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہو سکتی ہے۔ ایک مقامی مسلمان عالم نے کہا کہ مندروں کی تلاش کی یہ مہم دونوں برادریوں کے درمیان تناؤ پیدا کر سکتی ہے۔ ہم نے پولیس سے اس قسم کی سرگرمیوں پر پابندیاں لگانے کی درخواست کی ہے۔” مسلم رہنماؤں کے ایک گروپ نے اس مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنریٹ آفس میں ایک میمورنڈم پیش کیا۔ انہوں نے امن برقرار رکھنے پر زور دیا اور انتظامیہ سے متوازن رویہ اپنانے کی اپیل کی۔