مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے ذریعہ تیار کردہ ’بھارت پول‘ پورٹل لانچ کیا۔ اس موقع پر امت شاہ نے سی بی آئی افسران اور ملازمین کو پولیس میڈل بھی پیش کیا۔ ’بھارت پول‘ پورٹل لانچ کے موقع پر اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا، ’’آج ہم ’بھارت پول‘ کے لانچنگ کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ یہ ہمارے ملک کی بین الاقوامی تحقیقات کو ایک نئے دور میں لے جانے کا آغاز ہے۔ ’بھارت پول‘ کا ڈھانچہ، ہندوستان کی ہر ایجنسی، ہر ریاست کی پولیس اپنے آپ کو انٹرپول سے بہت آسانی سے جوڑ سکے گی اور تحقیقات کو تیز کرنے میں کامیاب ہو پائے گی۔ ‘‘
امت شاہ نے مزید کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہم امرت کال میں رہ رہے ہیں۔ آزادی کے ۷۵؍سال سے لے کر آزادی کے۱۰۰؍ سال تک کے عرصے کو نہ صرف وزیر اعظم نریندر مودی نے امرت کال سے تعبیر کیا ہے بلکہ اب ملک کی ۱۴۰؍کروڑ عوام نے بھی اس دور کو امرت کال کے طور پر قبول کر لیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ملک کی ۱۴۰؍کروڑ عوام نے عہد لیا ہے کہ۲۰۴۷ء میں جب ملک آزادی کے۱۰۰؍ سال مکمل کرے گا، ہندوستان ہر میدان میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہوگا اور ہم ہر میدان میں دنیا کی قیادت کر رہے ہوں گے۔ اگر ہمیں اس عہد کو پورا کرنا ہے تو اس میں بہت سے مراحل ہیں۔ ہم نے طے کیا ہے کہ ۲۰۲۷ء تک ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانا ہے۔ وہیں سے پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔ ہمارے پاس ہندوستان کو۲۰۴۷ء تک ایک مکمل ترقی یافتہ ملک بننے کیلئے۲۵؍سال ہیں اور ایک طرح سے یہ ہندوستان کیلئے ایک سنہرا موقع ہوگا۔
واضح رہے کہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے تیار کردہ اس ’بھارت پول‘ پورٹل کا مقصد سائبر اور مالیاتی جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بین الاقوامی پولیس کی مدد کرنا ہے، جو حقیقی وقت میں معلومات کا تبادلہ کریں گے۔ درحقیقت، بھارت پول پورٹل انٹرپول کے ذریعے بین الاقوامی مدد کیلئے تمام درخواستوں کی کارروائی کو ہموار کرے گا جس میں ریڈ نوٹس اور دیگر کلر کوڈ والے انٹرپول نوٹس جاری کرنا شامل ہے۔ بھارت پول پورٹل سائبر کرائم، مالیاتی جرائم، آن لائن بنیاد پرستی، منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ سمیت بین الاقوامی جرائم کو روکنے میں بہت کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔