مدینہ ویلفیئر سوسائٹی بھٹکل کا دوروزہ اجلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

مدینہ ویلفیئر سوسائٹی، بھٹکل نے اپنی 38 سالہ مثالی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان خدمات کو مزید اجاگر کرنے کے لیے دو روزہ خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا، جو کل رات ایک شاندار اختتام پذیر ہوئیں۔ ان تقریبات میں سوسائٹی کی نمایاں تعلیمی، سماجی، اور کھیل کے میدان میں کامیابیوں کو تسلیم کیا گیا اور ان کے ذریعے کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں خدمات
انجام دینے والوں کو تہنیتی اعزازات سے نوازا گیا۔
پروگرام کے دوران مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کی خدمات پر ایک خصوصی ڈاکومنٹری ریلیز کی گئی۔ اس میں تنظیم کی طرف سے انجام دی گئی مختلف سماجی، تعلیمی، اور فلاحی سرگرمیوں کو نمایاں کیا گیا۔ اس موقع پر سوسائٹی سے وابستہ افراد اور مقامی شرکاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جنہوں نے سوسائٹی کے عزائم اور کامیابیوں کو سراہا۔
تعلیم اور سول سروسز میں ترقی پر زور
تعلیمی ایوارڈ نشست میں معروف عالمِ دین مولانا محمد الیاس ندوی نے خطاب کرتے ہوئے سول سروس کے میدان میں نوجوانوں کو آگے بڑھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی قوانین ایم پی اور ایم ایل نہیں بناتے بلکہ اس میں انہیں سول سرویس کی تعلیم حاصل کرنے والوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ مولانا نے نصیحت کی کہ تعلیمی ترقی کے ساتھ اسلامی شناخت کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ کامیابی کے ساتھ دینی وقار بھی محفوظ رہے۔جس کی کئی مثالیں اس ملک میں مسلمانوں نے پیش کی، مولانا نے دور حاضر میں تعلیم سے ہونے والے اخلاقی اور ایمانی زوال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ افراد خود کو روشن خیال تصور کرنے کے لیے اسلامی اصولوں کا بھی پاس و لحاظ نہیں رکھ پارہے ہیں جو اس دور کا سب سے بڑا المیہ بنتا جارہا ہے۔مولانا نے امید ظاہر کی کہ اگلے تعلیمی ایوارڈ میں سول سروس میں آگے بڑھنے والوں کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے کہا کہ اڑتیس سالہ دور کوئی کم نہیں ہوتا، یہ وہ دور ہے جو کسی بھی ادارے کے لیے بڑی اہمیت کا حامل یے۔ انہوں نے اس نکتہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو چالیس سال کے بعد نبوت کی عظیم ذمہ داری دی گئی،
مولانا موصوف نے سوسائٹی کی 38 سالہ خدمات کو "جوانی کا دور” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگلے دو سالوں میں تنظیم کو ایک جامع حکمتِ عملی تیار کرنی چاہیے تاکہ چالیس سال مکمل ہونے پر یہ مزید مضبوط بنیادوں پر ترقی کر سکے۔
امام و خطیب مدینہ جمعہ مسجد بھٹکل مولانا محمد زکریا ندوی نے حالات حاضرہ پر خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو دین سے جڑے رہنے اور اور اپنی دینی شناخت قائم رکھنے پر زور دیا انہوں نے مدینہ کالونی کو اپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کاموں کے طرز کا مدینہ بنانے کی نصیحت کی اور اس کے لیے انہوں نے کئی ایک مشورے دیے، مولا نے مساجد کو اباد رکھنے اور خصوصا نوجوانوں کو مسجد سے اپنا تعلق قائم رکھنے کی نصیحت کی۔
دو روزہ اجلاس میں متنوع اور دلچسپ پروگرامز کا انعقاد بھی کیا گیا، جن میں شرکت کرنے والوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
پروگرام کی مختلف نشستوں کی صدارت مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر مولانا عرفان ندوی نے کی، جب کہ نائب صدر ایم جے ریاض نے سوسائٹی کی خدمات پر مشتمل جامع رپورٹ پیش کی۔ جنرل سیکریٹری مولانا عبد السمیع ندوی نے سوسائٹی کے قیام کے اغراض و مقاصد اور اس کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔
یہ دو روزہ اجلاس مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کی شاندار خدمات اور اس کے کمیونٹی کے لیے مثالی کردار کا مظہر تھی، جس نے نوجوانوں اور کمیونٹی کے دیگر افراد میں ایک نیا جوش و ولولہ پیدا کیا۔

«
»

"آئین ہمارا ڈی این اے، بی جے پی کے لیے محض خالی کتاب” – راہل گاندھی کی بی جے پی پر کڑی تنقید

مرحوم ڈاکٹر سید ناصر یس یم (لیپڑی) صاحب – ایک شفیق طبیب، مخلص انسان