نئی دہلی، 02 اگست: ممبئی میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او)، مہاراشٹر ساؤتھ زون کی جانب سے جمعہ، یکم اگست کو مراٹھی پترکار سنگھ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پریس کانفرنس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران پر روشنی ڈالنا اور ہندوستانی حکومت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری سے بھی اس مسئلے پر فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی اپیل کرنا تھا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس آئی او مہاراشٹر ساؤتھ زون کے ریاستی صدر سیماب خان نے حکومت ہند کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے، مگر غزہ میں جاری نسل کشی پر موجودہ خاموشی نہ صرف افسوسناک بلکہ پریشان کن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بمبئی ہائی کورٹ کے بعض ججوں کی طرف سے فلسطین کے حامی مظاہروں سے متعلق حالیہ بیانات بھی بڑھتی ہوئی بے حسی کی علامت ہیں۔
سیماب خان نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرے اور عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے لیے انصاف کے حصول میں فعال کردار ادا کرے۔
پریس کانفرنس میں شریک مصنف اور سماجی کارکن تشار گاندھی نے غزہ کے لیے عالمی امداد میں رکاوٹوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ اس بات کا مظہر ہے کہ دنیا کس طرح فلسطینی عوام کے مصائب کو نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا:
"ہمیں فلسطین کے لیے انصاف اور آزادی کی حمایت جاری رکھنی چاہیے اور اس معاملے پر مسلسل آواز بلند کرنی ہوگی۔”
آزاد کارکن ہرشالی پوتدار نے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا صرف انسانی ہمدردی نہیں بلکہ ایک اخلاقی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیداری پیدا کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پالیسی سازی میں تعاون بڑھانا ناگزیر ہے۔
جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) مہاراشٹر کے نائب صدر حسیب بھٹکر نے غزہ میں جاری شدید انسانی بحران کی سنگینی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:
"دنیا کو فوری طور پر فلسطینی عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے اور ایک پائیدار اور پرامن حل تلاش کرنا ہوگا۔”
پریس کانفرنس کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی عوام کے لیے بیداری اور یکجہتی کی مہم کو جاری رکھا جائے گا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔




