اُترکنڑا (فکروخبر نیوز): محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کے بعد اُترکنڑا ضلع انتظامیہ نے جمعرات، 28 اگست 2025 کو ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر و ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے بدھ کی شام جاری کردہ سرکاری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ہدایت احتیاطی اقدام کے طور پر دی گئی ہے تاکہ طلبہ کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
تعطیل کا اطلاق تمام سرکاری و پرائیویٹ آنگن واڑی مراکز، پرائمری و ہائی اسکولز، پری یونیورسٹی کالجز، ڈگری کالجز اور پوسٹ گریجویٹ مراکز پر ہوگا۔ حکم نامہ بھٹکل، کاروار، سرسی، ہوناور سمیت پورے ضلع کی تعلیمی سرگرمیوں پر لاگو رہے گا۔
سرکاری سرکلر میں بلاک ایجوکیشن آفیسران اور ڈپٹی ڈائریکٹرز آف پبلک انسٹرکشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کسی ادارے میں طلبہ پہنچ چکے ہوں تو انہیں بحفاظت گھر بھیجنے کا انتظام کریں۔ اسی طرح کالج پرنسپلوں کو طلبہ کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ساحلی اور مَلانڈ علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔




