سونے کی قیمت تاریخی بلندی پر ، جانئے آج کی قیمت

نئی دہلی: عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں تیزی کے اثرات ہندوستانی بازار پر بھی نظر آ رہے ہیں۔ دارالحکومت دہلی کے صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 500 روپے اضافے کے ساتھ 91250 روپے فی 10 گرام کی نئی تاریخی سطح پر پہنچ گئی۔ گزشتہ کاروباری سیشن میں سونا 90750 روپے فی 10 گرام پر بند ہوا تھا۔

ایچ ڈی ایف سی سکیورٹیز کے سینئر تجزیہ کار جینس سومیل گاندھی کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں، عالمی سطح پر جاری جغرافیائی کشیدگی اور امریکی معیشت میں ممکنہ سست روی کے خدشے کے باعث سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 3028.49 ڈالر فی اونس کے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ کامیکس گولڈ فیوچر 3037.26 ڈالر فی اونس کے نئے بلند ترین مقام پر ہے۔

دوسری جانب، چاندی کی قیمت 102500 روپے فی کلوگرام پر مستحکم رہی، جو اس کی اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور چین کی اضافی معاشی مراعات نے بھی بیش قیمتی دھاتوں کی طلب میں اضافہ کیا ہے۔

ایل کے پی سکیورٹیز کے نائب صدر جتن تریویدی کا کہنا ہے کہ چین کی اقتصادی مراعات اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سونا سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے۔

ابنس فنانشل سروسز لمیٹڈ کے سی ای او، چنتن مہتا نے کہا کہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے ممکنہ شرح سود میں کٹوتی کی امیدوں نے بھی سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر اگر امریکی معیشت مزید دباؤ میں آتی ہے یا فیڈرل ریزرو شرح سود میں مزید کٹوتی کرتا ہے، تو سونے میں سرمایہ کاری بڑھ سکتی ہے۔

«
»

ووٹر آئی ڈی کو ادھار سے جوڑنے کے فیصلہ پر اپوزیشن جماعتوں کا اعتراض

انڈین ریلوے نے ساحلی اضلاع کی مزید دو ٹرینوں کو ایل ایچ بی کوچز میں بدلنے کا کیا اعلان