جموں و کشمیر کے ریاستی درجہ کو بحال کیا جائے گا: امیت شاہ 

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کرنے سے متعلق وعدہ کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کی ریاستی حیثیت کو وعدہ کے مطابق بحال کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے اس کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا۔ امت شاہ نے جمعہ کی رات ٹائمز ناؤ سمٹ 2025 میں کہا کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سال پرامن طریقے سے اسمبلی انتخابات ہوئے ہیں۔

انٹرویو کے دوران جب امت شاہ سے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کے ٹائم فریم سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ ہم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا، لیکن عوامی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ایسا کب ہوگا۔

واضح رہے کہ سال 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ساتھ ہی اس وقت کی ریاست جموں و کشمیر کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔ اس دوران امت شاہ نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ صحیح وقت پر جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کر دی جائے گی۔

امت شاہ نے مزید کہا کہ کشمیر میں 40 سال بعد یہ پہلا الیکشن ہے جس میں کسی بھی مقام پر دوبارہ پولنگ نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں ایک بھی آنسو گیس یا گولی نہیں چلائی گئی۔ جبکہ 60 فیصد لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے۔

«
»

جموں کشمیر : حز ب اللہ کے جھنڈے اٹھانے پر یواے پی اے کے تحت مقدمہ

بھٹکل : وقف بل کی مخالفت میں مسلمانوں کا انوکھا احتجاج ، کالی پٹی باندھ کر نماز جمعہ ادا کی