بھٹکل میں یومِ جمہوریہ، مدارس، اسکولوں اور اداروں میں پرچم کشائی

بھٹکل، 26 جنوری:ملک بھر کی طرح ساحلی شہر بھٹکل میں بھی 77واں یومِ جمہوریہ نہایت عقیدت، قومی جذبے اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر شہر کے مدارس، مکاتب، اسکولوں، ملی و قومی اداروں کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری دفاتر میں بھی پرچم کشائی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔
شہر کی دینی درسگاہوں اور مکاتب میں اساتذہ و طلبہ نے قومی پرچم لہرایا اور ملک کی سلامتی، ترقی اور امن کے لیے دعائیں کیں۔ کئی اداروں میں آئینِ ہند کی اہمیت اور شہری ذمہ داریوں پر تقاریر بھی پیش کی گئیں، جن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جمہوریت کی اصل طاقت اتحاد، رواداری اور قانون کی پاسداری میں ہے۔


بھٹکل کے مختلف اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
اساتذہ نے اپنے پیغامات میں طلبہ کو اچھا شہری بننے، آئین کا احترام کرنے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
یومِ جمہوریہ کی مرکزی سرکاری تقریب تعلقہ اسٹیڈیم ( وائی ایم ایس اے گراونڈ ) میں منعقد ہوئی جہاں سرکاری افسران، عوامی نمائندوں، مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کا آغاز باقاعدہ پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد پولیس اور دیگر دستوں نے سلامی پیش کی۔بڑی عوامی تقریب میں مختلف سماجی و ملی تنظیموں نے شرکت کی۔ یہاں طلبہ و نوجوانوں نے مارچ پاسٹ کیا جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔