امریکہ کا وینزویلا کے خلاف بڑا قدم: لیول 4 ٹریول ایڈوائزری جاری، امریکی شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کی ہدایت

واشنگٹن/کراکس: ریاستہائے متحدہ نے وینزویلا کے خلاف اپنی مبینہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے بعد جنوبی امریکی ملک کے لیے لیول 4 ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے جو سفری انتباہ کی سب سے سخت سطح ہے اور جسے واضح طور پر “سفر نہ کریں” کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اس ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ وینزویلا میں امریکی شہریوں کو غلط حراست، حراست میں تشدد، دہشت گردی، اغوا، من مانی قانونی کارروائی، شدید جرائم، شہری بدامنی اور ناقص صحت کے نظام جیسے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ صورتحال جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

امریکی شہریوں کو فوری وینزویلا چھوڑنے کی ہدایت

ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وینزویلا میں موجود تمام امریکی شہری، خواہ وہ امریکی پاسپورٹ پر سفر کر رہے ہوں یا وینزویلا یا کسی تیسرے ملک کے پاسپورٹ پر، فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔

امریکہ نے واضح کیا ہے کہ اس کے پاس وینزویلا میں زیرِ حراست امریکی شہریوں سے رابطے کا کوئی مؤثر ذریعہ موجود نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ گرفتار افراد کو نہ تو اپنے اہلِ خانہ سے بات کرنے کی اجازت دی جاتی ہے اور نہ ہی آزاد قانونی مشیر تک رسائی دی جاتی ہے۔

تشدد اور غیر انسانی سلوک کے الزامات

امریکی بیان میں انسانی حقوق کی آزاد تنظیموں اور سابق قیدیوں کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وینزویلا میں زیرِ حراست افراد کو شدید تشدد، غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس میں شدید مارپیٹ، طویل وقت تک تکلیف دہ حالت میں باندھ کر رکھنا اور حتیٰ کہ واٹر بورڈنگ جیسے طریقے بھی شامل ہیں۔

کراکس میں سیکیورٹی الرٹ جاری

اسی دوران کراکس میں امریکی سفارت خانے نے سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں قائم امریکی سفارت خانہ، کراکس اور اس کے اطراف میں دھماکوں کی اطلاعات سے آگاہ ہے۔

سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ’’امریکی شہری وینزویلا کا سفر نہ کریں، اور جو امریکی شہری وینزویلا میں موجود ہیں وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔‘‘