آسام بے دخلی مہم : پہلے ہزاروں خاندانوں کوکیا گیا بےگھر ،پھرمظاہرین پر پر برسی گولیاں ، اور اب گرفتاریوں کادور

آسام کے گوالپارہ ضلع کے بیٹ باری علاقے میں جمعرات کے روز بے دخلی مہم کے دوران پُرتشدد جھڑپیں پھوٹ پڑیں، جن کے نتیجے میں 19 سالہ شاکر علی کی موت ہو گئی۔ آسام پولیس نے جمعہ کو ان جھڑپوں کے سلسلے میں 10 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جیسا کہ وزیراعلیٰ ہمنت بسوا سرما نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے حوالے سے تصدیق کی۔
تشدد اس وقت شروع ہوا جب حکام نے پائیکان ریزرو فاریسٹ میں 140 ہیکٹر زمین پر آباد 1,080 خاندانوں کو بے دخل کر دیا۔ ان خاندانوں میں اکثریت بنگالی نژاد مسلمانوں کی تھی، جو زمین سے محرومی کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے خیموں اور ترپال کی جھونپڑیوں میں رہ رہے تھے۔
حکام نے ان سے کہا تھا کہ وہ اپنی عارضی پناہ گاہیں ہٹا دیں۔ جمعرات کی صبح جب انتظامیہ نے بستی کی مرکزی سڑک کو کھود دیا، جس سے وہاں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہو گئی، تو مقامی لوگوں نے احتجاج شروع کر دیا جس کے نتیجے میں تصادم ہوا۔
گوالپارہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نبنیت مہانتا کے مطابق، گرفتار شدہ افراد کی شناخت ویڈیو فوٹیج کے ذریعے کی گئی ہے جن میں وہ "پتھراؤ اور سرکاری اہلکاروں کو روکنے” میں ملوث نظر آئے۔ مزید گرفتاریوں کی بھی توقع ہے۔
تشدد کے بعد کرشنا ئی اور ملحقہ علاقوں میں بھاری سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے اور عارضی طور پر کرفیو جیسے پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ کا الزام: کانگریس نے بھڑکایا
واقعے کے بعد وزیراعلیٰ ہمنت بسوا سرما نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو جھڑپوں کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے الزام عائد کیا کہ:
"ہمارے پاس اطلاع ہے کہ بدھ کی رات کچھ کانگریس لیڈران اس علاقے میں آئے اور سرکاری اہلکاروں پر حملے کی منصوبہ بندی کی گئی۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی آسام میں حالیہ تقاریر کا جائزہ لے رہی ہے، اور اگر کسی بھی ثبوت سے ان کا تعلق ثابت ہوا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعے نے ایک بار پھر آسام میں مسلمانوں کے خلاف جاری بے دخلی مہم پر سوال کھڑے کر دیے ہیں، جہاں زمین پر "جنگلاتی قبضے” کے نام پر ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے، جن میں اکثریت اقلیتی کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ:
"یہ مہم زمین کے تحفظ سے زیادہ مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنانے کا ہتھیار بنتی جا رہی ہے۔”

بھٹکل : انجینئرنگ کی تعلیم کے ساتھ حفظِ قرآن کی تکمیل، حافظ طاؤس احمد رکن الدین کے اعزاز میں جلسہ

یوگی آدتیہ ناتھ کا متنازعہ بیان: محرم کو تشدد سے جوڑ کر کانوڑ یاترا کو اتحاد و عقیدت کی علامت قرار دیا