بنگلورو/منگلورو، 30 جون:کرناٹک کے چار بڑے ہوائی اڈوں کو اتوار کی صبح ای میل کے ذریعے بم دھماکوں کی سنگین دھمکیاں موصول ہوئیں، جن میں منگلورو، ہبلی، بیلگاوی اور بنگلورو کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔ ان دھمکیوں کے بعد تمام مقامات پر ہنگامی سیکورٹی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
منگلورو ایئرپورٹ پر سخت نگرانی
منگلورو کے باجپے واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے کے افسران نے ای میل کے ذریعے دھمکی ملنے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس اور خفیہ ایجنسیاں صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہوائی اڈے میں داخل ہونے والے تمام مسافروں اور افراد کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے، اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کو روکنے کے لیے تمام داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، بم ڈسپوزل اسکواڈ، کتوں کی ٹیم، مقامی پولیس، داخلی سیکورٹی فورسز اور انٹیلیجنس ایجنسیاں پوری طرح متحرک ہیں اور ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے۔ تمام چاروں ہوائی اڈوں پر کمانڈوز اور بم پروف آلات تعینات کر دیے گئے ہیں۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ یہ دھمکیاں محض افواہ ہیں یا کسی سازش کا حصہ۔ تاہم، سیکورٹی ایجنسیاں کسی بھی ممکنہ خطرے کو سنجیدگی سے لے رہی ہیں اور دھمکی کے پس پشت عناصر کی شناخت کے لیے ای میل ٹریسنگ سمیت تکنیکی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے:”ہم کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کر رہے۔ تمام متعلقہ ایجنسیاں مربوط انداز میں کام کر رہی ہیں، اور جلد ہی حقیقت سامنے لائی جائے گی۔”
ایئرپورٹ انتظامیہ اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور سیکورٹی عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔