یوپی کے ایم ایل اے عباس انصاری کو نفرت انگیز تقریر کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے رکن کے طور پر نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے اتوار کو بتایاکہ جیل میں بند گینگسٹر سے سیاستداں بنے مختار انصاری کے بیٹے عباس انصاری ماؤ اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے تھے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ سیٹ کو اب خالی قرار دے دیا گیا ہے۔
اتر پردیش کی ایک خصوصی عدالت نے سنیچر کے روز عباس انصاری کو 2022 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے منسلک نفرت انگیز تقریر کے معاملے میں قصوروار قرار دینے کے بعد دو سال قید اور 11,000 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عباس، جو سماج وادی پارٹی اتحاد کے امیدوار کے طور پر صدر سیٹ سے انتخاب لڑ رہے تھے، نے شہر کے علاقے پہاڑ پورہ میدان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے دھمکی دی تھی کہ "انتخابات کے بعد ضلع ماؤ کی انتظامیہ سبق سکھائیں گے۔”
دفاعی وکیل داروگا سنگھ نے کہا کہ انصاری کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 189 (سرکاری ملازم کو نقصان پہنچانے کی دھمکی)، 153-A (مذہب، ذات، جائے پیدائش، رہائش اور زبان کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا اور ہم آہنگی کو خراب کرنا) اور 171 ایف (انتخابات میں غیر ضروری اثر و رسوخ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ دونوں فریقوں کو سننے کے بعد، خصوصی ایم پی/ایم ایل اے عدالت کے جج کے پی سنگھ نے ہفتہ کو عباس انصاری کو قصوروار ٹھہرایا اور انہیں دفعہ 189 اور 153-A کے تحت دو دو سال، دفعہ 506 کے تحت ایک سال اور دفعہ 171-F کے تحت چھ ماہ قید کی سزا سنائی، جو ایک ساتھ چلیں گی۔
عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت اگر عدالت کسی رکن کو دو سال یا اس سے زیادہ کی سزا سناتی ہے تو قانون ساز ایوان کی رکنیت ختم کرنے کی شق ہے۔ عباس انصاری 2022 میں سماج وادی پارٹی کی قیادت والے اتحاد کے تحت ایس بی ایس پی کے ٹکٹ پر ماؤ صدر اسمبلی سیٹ سے الیکشن جیت کر پہلی بار ایم ایل اے بنے تھے۔ ایس بی ایس پی اس وقت حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت مخلوط حکومت کی اتحادی ہے اور پارٹی صدر ریاست میں کابینہ کے وزیر ہیں۔