مرڈیشور: یہاں کے مضافتی علاقہ مرڈیشور میں ماہی گیر چھوٹی کشتی کے ڈوبنے کی وجہ سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے، دو کے زخمی اور دیگر دو کوحفاظت کے ساتھ ساحل تک پہنچانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح قریب 6 بجے چھوٹی کشتی ایماہا کے ذریعہ جال ڈالنے پہنچے پانچ افراد کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا۔
مہلوک کی شناخت حیدرعلی زکریا بابو (44) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جبکہ ابراہیم فقیرہ ملا (50) اور ابومحمد عمارہ (50) زخمی ہیں اور عبدالسمیع الیاس کالو (21) اور محمد شفیع تڈلیکر (45) محفوظ بتائے جارہے ہیں۔ زخمیوں کا علاج یہاں کے مقامی اسپتال آر این ایس میں جاری ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ساحل سے قریب 500 میٹر کے فاصلے پر جال ڈالنے گئی یہ کشتی موجوں کی زد میں آگئی ، جیسے پہلی موج نے انہیں اپنی لپیٹ میں لیا تو انہوں نے خود کوسنبھالنے کی پوری کوشش کی ، جب تک یہ سنبھلتے دوسری موج نے ان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے کشتی الٹ گئی اور اسی دوران حیدرعلی لاپتہ ہوگیا۔ قریب میں موجود دوسری کشتی نے چار لوگوں افراد کو ساحل پہنچانے میں اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔ قریب آدھے گھنٹے بعد حیدرعلی کی لاش سمندر سے نکالی گئی۔
حادثہ کی وجہ سے یہاں کے ناخدا محلہ میں لوگ غمگین ہیں۔ متوفی حیدرعلی نے اپنے پیچھے بیوی اور ایک بچہ اور دو بچیوں کو چھوڑا ہے۔
اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت عطا فرمائے۔ آمین