مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں تاریخی مساجد، شاہی مقبرے اور مزارات کا انہدام غیر قانونی اور غیر دستوری ہے: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

بورڈ کی جانب سے انہدامی کارروائی کی شدید مذمت؛ متأثرین کو ہر ممکن قانونی اور اخلاقی تعاون فراہم کرنے کا اعلان

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں 2028 میں منعقد ہونے والے سمستھا مہاپرو (مہاکمبھ) کے انتظامات کے نام پر قدیم اور تاریخی شاہی مقبرے، مسجد قلندری، ایک درجن سے زائد مساجد و مزارات اور دیگر املاک کو منہدم کیے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بورڈ نے اس کارروائی کو غیر قانونی، غیر منصفانہ اور آئینِ ہند کے بنیادی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔

بورڈ کے قومی ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے اس کارروائی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 2028 کے مہاکمبھ کے لیے انتظامات کے نام پر تاریخی مذہبی مقامات اور قدیم عمارتوں کو مسمار کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ اطلاعات کے مطابق 21؍نومبر کو علی الصبح تقریباً پانچ بجے ریلوے انتظامیہ نے بھاری پولیس نفری اور پیرا ملٹری فورسز کی موجودگی میں مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر واقع شاہی مقبرے، مسجد قلندری، ایک درجن سے زائد مزارات اور دیگر املاک کو بلڈوزر کے ذریعے منہدم کردیا۔ یہ کارروائی نہایت عجلت میں اور قانونی تقاضوں کو نظرانداز کرتے ہوئے انجام دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے مسجد قلندری، شاہی مقبرے، متعدد مزارات اور متولی کی رہائش گاہ کو بھی منہدم کردیا۔ وقف کمیٹی کے صدر قاضی مولانا عارف ندوی کے مطابق، مذکورہ اراضی سے متعلق معاملہ تاحال بھوپال وقف ٹریبونل میں زیرِ سماعت ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ایک شخص کو فرضی کرایہ دار قرار دے کر اس کارروائی کی راہ ہموار کی گئی اور علی الصبح انہدامی آپریشن انجام دیا گیا۔ جب معاملہ متعلقہ ٹریبونل میں زیرِ التوا تھا تو قانونی فیصلے سے قبل اس نوعیت کی کارروائی کرنا انصاف کے مسلمہ اصولوں کے منافی ہے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں متعدد قدیم اور تاریخی ورثے کی حامل عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ قاضی مولانا عارف ندوی اور مقامی ذمہ داران کے عدالت سے رجوع کرنے کے فیصلے کی مکمل تائید کرتا ہے اور متأثرہ کمیٹی کو ہر ممکن قانونی اور اخلاقی تعاون فراہم کرے گا۔ مسجد کمیٹی کے مطابق، مسجد کی تاریخ تقریباً 636 سال پرانی ہے اور اسے 1390ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ انتظامیہ اگر بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور دیگر انتظامات کرنا چاہتی تھی تو اس کے لیے متبادل راستے اختیار کیے جاسکتے تھے۔ لیکن تاریخی اور مذہبی عمارتوں کو منہدم کرنے کا راستہ اختیار کرنا ناقابل فہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی سے بادی النظر میں آئینِ ہند کی دفعات 14، 25، 26 اور 300-A میں دیے گئے مساوات، مذہبی آزادی اور املاک کے تحفظ کے اصولوں کی خلاف ورزی کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ بورڈ اس معاملے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کے مقامی ذمہ داران کے فیصلے کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ عدالت اس معاملے کا جائزہ لے کر متأثرین کو انصاف فراہم کرے گی۔

بورڈ کے ترجمان نے اس امر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند برسوں سے بعض بی جے پی کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں مختلف بہانوں اور انتظامی اقدامات کی آڑ میں تاریخی مساجد، مقبروں اور مزارات کو نشانہ بنائے جانے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے معاملے میں حکومتوں کو بلاامتیاز آئین، قانون اور عدالتی تقاضوں کی پابندی کرنی چاہیے۔ ایسے حساس معاملات پر خاموشی اختیار کرنا بھی تشویش ناک ہے، خصوصاً ان سیاسی جماعتوں کے لیے جو خود کو سیکولر اور آئین کی علمبردار قرار دیتی ہیں۔

شیئر کریں۔