انسانیت کو شرمندہ کر دینے والا واقعہ کرناٹک کے گوتمپورا گاؤں میں پیش آیا، جہاں کوڑا کرکٹ کے تنازعہ نے ایک بزرگ خاتون کے لیے بھیانک شکل اختیار کر لی۔ 70 سالہ ہچماں نامی خاتون کو ان کی پڑوسی پریما اور اس کے دو رشتہ داروں نے مبینہ طور پر گھر سے گھسیٹ کر درخت سے باندھا اور بے رحمی سے زد و کوب کیا۔
یہ واقعہ 24 جون کی صبح پیش آیا، لیکن پولیس کو اس کی اطلاع اس وقت ملی جب اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ویڈیو منظر عام پر آتے ہی علاقے میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھی واقعہ کی مذمت کی۔
پولیس کے مطابق، ہچماں نے اپنی پڑوسن پریما کو کئی بار متنبہ کیا تھا کہ وہ ان کے گھر کے سامنے کوڑا نہ ڈالے۔ اسی بات پر دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بحث کے دوران ہچماں نے مبینہ طور پر پریما کے کردار پر کچھ ریمارکس دیے، جس پر پریما طیش میں آ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ”پریما نے اپنے دو مرد رشتہ داروں کے ساتھ مل کر ہچماں کو گھر سے گھسیٹ کر باہر نکالا، درخت سے باندھا اور بے رحمی سے مارا پیٹا۔”
پولیس نے اطلاع ملتے ہی آننداپورہ تھانے میں ایف آئی آر درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔ مرکزی ملزمہ پریما کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ اس کے دو مرد رشتہ داروں کی تلاش جاری ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے کہا:”یہ ایک نہایت شرمناک واقعہ ہے۔ ہم نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔”