بھٹکل: گزشتہ تقریباً ہفتہ دس دن سے جاری شدید گرمی اور حبس کے بعد بھٹکل میں سنیچر کی رات موسم نے اچانک کروٹ لے لی، جس سے عوام نے قدرے راحت کی سانس لی۔
رات تقریباً ساڑھے نو بجے کے بعد شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں، جبکہ آسمان پر بادلوں کی گرج چمک بھی دیکھی اور سنی گئی۔ اچانک بدلتے اس موسم نے گرمی سے نڈھال عوام کے لیے خوشگوار ماحول پیدا کر دیا۔
مقامی افراد کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا اور حبس کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی تھی، خصوصاً رات کے اوقات میں بھی گرمی کم نہیں ہو رہی تھی۔
تاہم آج رات ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بادلوں کی آمد نے موسم میں واضح تبدیلی کا اشارہ دیا ہے، اور ماہرین کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں ہلکی یا درمیانی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
