گوہاٹی: آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما نے ایک بار پھر کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور آسام کانگریس کے صدر گورو گوگوئی کو نشانہ بناتے ہوئے سیاسی تنازعہ کھڑا کردیا۔ بدھ کو ایک پریس بریفنگ میں، سرما نے کانگریس پارٹی پر سخت حملہ کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ "راہل گاندھی کو ووٹ دینا پاکستان کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔”
سرما نے گوگوئی کے حالیہ ریاستی کانگریس کی قیادت سنبھالنے کے بعد اپنا تبصرہ کیا۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں سرما نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی اور ان کی پارٹی نے جنگ کے وقت پاکستان کا ساتھ دیا۔ راہل گاندھی کا ریکارڈ دیکھیں۔ جب بھارت پاکستان کے ساتھ جنگ میں تھا تو انہوں نے کس کا ساتھ دیا؟ ان کی پارٹی نے کس کی مدد کی؟
سرمہ نے کہاکہ "آسام کے لوگ جاہل نہیں ہیں۔ وہ علاقائی اور قومی نیوز چینل دیکھتے ہیں۔ بھارت کے سیاسی تناظر میں راہل گاندھی کو ووٹ دینا، پاکستان کو دینے کے مماثل ہے۔ کانگریس کی قیادت پاکستان کی حامی ہے۔”
گورو گوگوئی نے ایک حالیہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ سرما ہندو مسلم پولرائزنگ سیاست میں ملوث ہیں۔ گوگوئی کو نشانہ بناتے ہوئے سرما نے کہاکہ "میرے اور گورو گوگوئی میں بڑا فرق ہے۔ میرے خاندان میں کوئی غیر ملکی نہیں ہے۔ میں نے جدوجہد کے ذریعے اپنا سیاسی مقام حاصل کیا ہے۔ میرے والد وزیر اعلیٰ نہیں تھے۔ میرے منہ میں چاندی کا چمچ نہیں تھا۔”
ایسی سیاسی قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ آسام کانگریس کے سابق صدر بھوپین بورا جلد ہی بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں، حالانکہ بورا نے خود ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔ قیاس آرائیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے، سی ایم نے کہاکہ "بھوپین بورا بی جے پی میں شامل ہوں یا نہیں، ان کا فیصلہ ہے۔ میں ان سے بات نہیں کرتا ہوں۔”
سرما نے یہ بھی اشارہ کیا کہ انہیں راہول گاندھی کی رہائش گاہ پر ہونے والی خفیہ بات چیت تک رسائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میں یہ بھی جانتا ہوں کہ حال ہی میں راہل گاندھی کے گھر میں ہونے والی میٹنگ میں کیا بات ہوئی تھی۔ اگر آپ چاہیں تو میں ہر چیز کو لائن بہ لائن دہرا سکتا ہوں۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اندر کے لوگ مجھے باخبر رکھتے ہیں۔ ان کے گھر کے کچھ لوگ مجھے پسند کرتے ہیں۔”