بھٹکل: (فکروخبر نیوز)بھٹکل میں ایک بڑا مالیاتی فراڈ سامنے آیا ہے، جہاں کار اسٹریٹ پر واقع "گلوبل انٹرپرائزز” نامی دکان کے مالکان لاکھوں روپے وصول کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ دکان مالکان نے مقامی شہریوں سے گھریلو سامان، الیکٹرانکس اور فرنیچر رعایتی داموں پر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر اچانک ان کے غائب ہونے سے پورے شہر میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق، "گلوبل انٹرپرائزز” کے مالکان منگل کی صبح تقریباً آٹھ بجے تک شہر میں موجود تھے، مگر اس کے بعد جب کچھ گاہک بقایا سامان کی معلومات لینے ان کے گھر پہنچے تو معلوم ہوا کہ وہ اپنا گھر خالی کرکے فرار ہوچکے ہیں۔
پولیس کی عوام سے اپیل
سرکل انسپکٹر دیواکر نے متاثرہ گاہکوں سے فوری طور پر بھٹکل پولیس اسٹیشن پہنچنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ہم تمام متاثرین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنی رسیدوں اور ادائیگی کے ثبوت کے ساتھ تھانے پہنچیں تاکہ مکمل تحقیقات کی جا سکے اور نقصان کی اصل رقم کا پتہ چلایا جا سکے۔”
پولیس کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ ملزمان نے صرف ایک ماہ قبل بینک اکاؤنٹ کھولا تھا، جس میں محض پانچ لاکھ روپے کی لین دین دکھائی دے رہی ہے۔ البتہ زیادہ تر رقم QR کوڈ اور نقدی کے ذریعے وصول کی گئی، جس سے اصل رقم کا سراغ لگانا مشکل ہوگیا ہے۔
فراڈ کی نوعیت اور طریقہ واردات
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان تقریباً ایک ماہ قبل تمل ناڈو سے بھٹکل پہنچے تھے اور "گلوبل انٹرپرائزز” کے نام سے دکان کھولی۔ انہوں نے مارکیٹ ریٹ سے بہت کم قیمتوں پر سامان دکھا کر عوام کو بے وقوف بنایاا۔پیشگی رقم ادا ئیگی پر 7 سے 10 دن میں سامان کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ شو روم میں ڈمی پیس رکھ کر گاہکوں کو دھوکہ دیا گیا۔اور لوگوں نے جھانسے میں پیشگی رقم حوالے کردی۔
کچھ کو سامان ملا، بیشتر محروم رہ گئے
دلچسپ بات یہ ہے کہ دکان نے تقریباً ایک ماہ تک باقاعدگی سے کاروبار کیا اور کئی گاہکوں کو سامان فراہم بھی کیا، جس سے عوام کا اعتماد بڑھا۔مگر بعد میں جب نئے آرڈر دیے گئے تو وہ سامان کبھی نہیں پہنچا۔ متعدد گاہکوں نے فرنیچراور دیگر قیمتی گھریلو آلات کے آرڈر دیے تھے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ انہوں نے ایک لاکھ روپے کا سامان خریدا تھا مگر اب سب کچھ لٹ گیا۔
دکان اور گودام سیل
بدھ کی صبح جب دکان کھلنے کا وقت آیا تو دروازے بند پائے گئے۔ کچھ مشتعل لوگوں نے اندر گھس کر سامان اٹھانے کی کوشش کی، مگر پولیس بروقت پہنچ گئی۔
پولیس نے کار اسٹریٹ پر واقع شو روم اور گودام کو سیل کر دیا ہے اور اندر موجود سامان کی گنتی جاری ہے۔
عوامی انتباہ کو نظرانداز کیا گیا
اطلاعات کے مطابق، چار سے پانچ دن پہلے ہی کچھ مقامی افراد نے آڈیو میسجز کے ذریعے عوام کو خبردار کیا تھا کہ یہ دکان مشکوک ہے، مگر رعایتی داموں کی لالچ میں اکثر لوگ پھر بھی جھانسے میں آگئے۔
یہ دھوکہ دہی بھٹکل کے مختلف محلوں، برادریوں اور مذہبی طبقات کے سینکڑوں لوگوں کو متاثر کر چکی ہے۔ کئی افراد نے بتایا کہ انہوں نے ₹50,000 سے ₹1,00,000 تک رقم دی تھی، کچھ نے اس سے بھی زیادہ۔
تحقیقات جاری
پولیس نے دکان کے بینک اکاؤنٹس، موبائل ٹرانزیکشنز اور گاہکوں کے بلوں کی جانچ شروع کر دی ہے۔تفتیشی ٹیم ملزمان کا سراغ لگانے میں مصروف ہے، جو مبینہ طور پر شہر سے فرار ہوچکے ہیں۔
سرکل انسپکٹر دیواکر نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی:
"تمام متاثرین اپنی رسیدوں کے ساتھ تھانے آئیں تاکہ مضبوط کیس تیار کیا جا سکے۔ آپ کا تعاون ہمارے لیے ضروری ہے۔”




