بھٹکل : حنیف آباد کی سیدنا عمیر مسجد میں پہلے جمعہ کا قیام : مولانا عبدالسبحان ناخدا ندوی کی اقتدا میں سینکڑوں افراد نے ادا کیا جمعہ

بھٹکل : حنیف آباد اور اس سے متصل علاقوں کی آبادی میں اضافہ کے باعث کئی سالوں سے یہیں کی قریبی مسجد میں جمعہ کی نماز قائم کیے جانے پر غوروخوض کیا جارہا تھا اور آج اللہ کے فضل سے مسجد سیدنا عمیر حنیف آباد میں پہلی جمعہ کی نماز مولانا عبدالسبحان ناخدا ندوی استاد دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

پہلی جمعہ کے پیشِ نظروقت سے پہلے ہی مسجد تنگ ہونے لگی۔ مسجد کے ذمہ داران نے مسجد کے احاطہ میں بھی نماز کے لیے انتظامات کیے تھے جو ناکافی ہوئے اورمسجد سے لے کر باب الداخلہ (مین گیٹ) تک نمازی ہی نمازی نظر آئے۔ حنیف آباد کے ساتھ ساتھ طلحہ کالونی ، مکہ کالونی اور جامعہ آباد روڈ سے سینکڑوں افراد نے یہاں آکر جمعہ کی نماز ادا کی ۔ پہلی اذان کے ساتھ سنت نمازیں ادا کرنے کے کے لیے کچھ وقت دیا گیا جس کے بعد مولانا عبدالسبحان ناخدا ندوی نے جمعہ کی قیام کی حکمتیں اوراس سے وجود میں آنے والےفوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں مدینہ میں کئی مساجد ہونے کے باوجود مسجد نبوی میں جمعہ کی نماز ادا کی جاتی رہی پھر ضرورت پڑنے پر تعدد جمعہ کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ اسی لیے قائم کیا گیا کہ لوگ ایک دوسرے کے ساتھ احسان کا معاملہ کریں چونکہ اسلام انقلابی تبدیلی کے لیے آیا ہے لہذا ایک دوسرے کے بارے میں ہمارے خیالات دوسروں کو فائدہ پہنچانے والے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آسمان کا سب سے پہلا گناہ حسد تھا اور زمین کا پہلا گناہ بھی حسد تھا۔ لہذا ہمیں دل کی بیماریوں سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے جمعہ کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارا مزاج ایک دوسرے کو قبول کرنے والا ہو اور ہم دوسروں کے لیے اپنی دل میں جگہ بنانے والے بن جائیں اس طور پر جیسے نماز کے کھڑے ہونے پر ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی تاکید کی گئی اسی طرح اپنی زندگی میں ہم ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔ اللہ کے بندے آپس اس طرح جڑجائیں کہ وہ ایک دوسرے سے فائدہ اٹھانے والا ہوں اور وہ آپس میں خیرخواہ بن جائیں۔