بنگلورو : بنگلورو کے مصروف سٹی مارکیٹ کے نارتھ پیٹ علاقے میں واقع ایک تجارتی عمارت میں آج صبح لگنے والی بھیانک آگ کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوگیے۔
حکام کے مطابق جائے حادثہ سے دو لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ ایک خاتون اور دو بچوں سمیت تین دیگر افراد لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ مرنے والوں کی شناخت 38 سالہ مادن سنگھ، اس کے بھائی سریش، مادن سنگھ کی اہلیہ سنگیتا (33)، اور ان کے دو کم سن بچے میتیش (8) اور ویہان (5) کے طور پر ہوئی ہے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ گراؤنڈ فلور پر واقع پلاسٹک کے گودام سے بھڑکی اور چند لمحوں میں اوپری منزلوں تک پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی، تاہم علاقے کی تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔
پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ، جوائنٹ کمشنر وامشی کرشنا اور سابق ایم ایل اے آر وی دیواراجو بھی موقع پر موجود تھے۔ آگ بجھانے کے لیے 18 فائر ٹینڈرز اور تین ایمبولینسز تعینات کی گئیں۔
ابتدائی رپورٹ میں شارٹ سرکٹ یا گودام میں موجود آتش گیر مواد کو ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے، تاہم حتمی تحقیقات جاری ہیں۔




