بنٹوال : کولاتماجلو کے رہائشی عبدالرحمٰن کے قتل اور قلندر شفیع پر حملے کے سلسلے میں بنٹوال رورل پولیس نے ایک اور مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار کیے گئے ملزم کی شناخت 33 سالہ شیو پرساد کے طور پر ہوئی ہے، جو بنٹوال کے تھمبے گاؤں کا رہائشی ہے۔ پولیس کے مطابق، شیو پرساد کو بنٹوال کے رائی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم کو 30 جون کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اُسے پولیس حراست میں بھیج دیا گیا تاکہ مزید تفتیش کی جا سکے۔اس کیس میں اب تک مجموعی طور پر نو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
عبدالرحمٰن، 32کولتماجلو جمعہ مسجد کے سیکریٹری تھے۔ وہ شادی شدہ تھے اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔
27 مئی 2025 کو عبدالرحمٰن اور ان کے ساتھی قلندر شفیع ریت سے بھری پک اپ گاڑی خالی کر رہے تھے کہ اچانک کچھ افراد گاڑیوں میں آ کر موقع پر پہنچے۔ ان حملہ آوروں نے گاڑی کے شیشے توڑ دیے، عبدالرحمٰن اور شفیع کو گاڑی سے گھسیٹ کر باہر نکالا اور ان پر حملہ کر دیا۔عبدالرحمٰن کو موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ شدید زخمی کلندر شفیع کو منگلورو کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔